جمعۃ الوداع یوم القدس سرکاری طور پر منایا جائے، متحدہ علماء محاذ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر حجۃ الاسلام علامہ مرزا یوسف حسین کی زیر صدارت مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں 16ویں سالانہ القدس سیمینار میں شریک مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ نے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ مسلم حکمران بیت المقدس کی آزادی کیلئے مشترکہ اسلامی فوج تشکیل دیں، قبلہ اول کی آزادی کیلئے جذبہ فاروقی، حسینی و ایوبی کو بیدار کیا جائے۔
قبلہ اول پر اسرائیلی غاصبانہ قبضہ عالم اسلام کی غیرت ایمانی کیلئے کھلا چیلنج ہے، آج سرزمین اولیاء سندھ دھرتی سمیت ملک بھر کے غیور مسلمان اپنے قبلہ اول بیت المقدس اور فلسطینی مسلمانوں کو اسرائیلی انسانیت سوز وحشیانہ مظالم سے نجات کیلئے اٹھ کھڑے ہوں اور صوبائی و قومی اسمبلیز میں فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اسرائیلی مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرائیں اور جمعۃ الوادع کو سرکاری طور پر ملک بھر میں یوم القدس منائیں۔
مقررین نے کہا کہ قبلہ اول بیت المقدس کسی ایک ملک و مسلک کا نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کا مشترکہ مسئلہ ہے جسے بہر صورت ہم سب نے ہی مل کر حل کرنا ہے، اقوام متحدہ اور حقوق انسانی کے عالمی ادارے فلسطینی عوام پر اسرائیلی وحشیانہ مظالم رکوانے کیلئے اپنا غیر جانبدارانہ موثر کردار ادا کریں۔ علماء کی جانب سے برادر اسلامی ملک ایران پر امریکی پابندیوں اور حملے کی دھمکیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت و افواج پاکستان سے سعودی عرب و ایران کے مابین مصالحانہ کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی۔ علماء نے امام خمینی (رہ) کے یوم القدس کے اعلان کا خیر مقدم اور اسے وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔
سیمینار میں رہنماؤں نے کشمیری و بھارتی مسلمانوں پر مودی سرکار کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ علماء و عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں ملکی امن و استحکام پر آنچ نہیں آنے دیں گے، ملک کے خلاف سازشوں دہشت گردی، فرقہ واریت کے خلاف متحد و بیدار ہیں۔
سیمینار سے جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر اسد اللہ بھٹو، مولانا انتظار الحق تھانوی، علامہ حافظ محمد سلفی، مولانا جعفر الحسن تھانوی، علامہ سید عقیل انجم قادری، علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، مولانا قاری اللہ داد، مفتی محمد بخاری، علامہ عبد الخالق فریدی، علامہ علی کرار نقوی، علامہ قرۃ العین عابدی، علامہ سید سجاد شبیر رضوی، متحدہ علماء محاذ صوبہ پنجاب کے صدر علامہ آغا نیئر عباس جعفری، علامہ روشن دین الرشیدی، علامہ شیخ سکندر حسین نور بخشی، مولانا منظر الحق تھانوی، مولانا ڈاکٹر سعید احمد صدیقی، علامہ شاہدین اشرفی، علامہ مرتضیٰ خان رحمانی، علامہ غلام مصطفی رحمانی، مطلوب اعوان قادری، سید فیصل علی بلوچ، یعقوب احمد شیخ، مولانا حافظ مظہر الدین اشرفی، علامہ عبد اللہ جوناگڑھی، مفتی وجیہہ الدین، علامہ ڈاکٹر شاہ فیروز الدین رحمانی، علامہ حفیظ اللہ ہادیہ صدیقی، علامہ شوکت مغل، پیر خواجہ سید معاذ علی چشتی فریدی نظامی، حافظ گل نواز، میڈیا سیل کے حافظ ساجدنے خطاب کیا جبکہ معروف نعت و منقبت خواں قاری انوار حمیدی، قاری حسین الدین شاہ رحمانی، حافظ ابراہیم چترالی نے حمد و نعت اور بیت المقدس کے حوالے سے دل سوز نظم پیش کی۔