
نئے پاکستان میں بھی زائرین کو مشکلات، تفتان سے کوئٹہ کی جانب پیدل مارچ شروع
پیدل مارچ کرنے والوں میں خواتین، چھوٹے بچے اور بزرگ بھی شامل ہیں۔
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) انتظامیہ کی غفلت کے باعث کانوائے کی عدم موجودگی کے سبب ایران اور عراق کی زیارات سے واپس آنے والے زائرین نے تفتان سے کوئٹہ کی جانب پیدل مارچ شروع کردیاہے۔
تفصیلات کے مطابق ایران اور عراق سے زیارات کی ادائیگی کرنے کے بعد واپس آنے والے زائرین انتہائی شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ تفتان سے کوئٹہ کیلئے کانوائے نہ ہونے کے باعث کئی روز سے تفتان میں محصور ہو چکے تھے۔ کئی روز انتظار کرنے کے بعد آج ان زائرین نے کوئٹہ کیلئے پیدل سفر شروع کر دیا ہے۔
زائرین کے ایک سالار حاجی امداد علی کے مطابق زائرین نے کئی روز تفتان میں کانوائے کا انتظار کیا، مایوس ہو کر آج کوئٹہ کیلئے پیدل روانہ ہو گئے ہیں اور کوئٹہ کی جانب پیدل مارچ کرنے والوں میں خواتین، چھوٹے بچے اور بزرگ بھی شامل ہیں۔
حاجی امداد علی کا کہنا تھا کہ زائرین صبح سے دس کلومیٹر فاصلہ طے کر چکے ہیں، کانوائے نہ ہونے کی وجہ سے پاسپورٹ اور گاڑیاں بارڈر پر چھوڑ کر پیدل کوئٹہ جارہے ہیں۔
زائرین نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد کانوائے کا انتظام کیا جائے اور انہیں مناسب طریقے سے کوئٹہ پہنچایا جائے۔
واضح رہے کہ ان زائرین میں کئی افراد ایسے شامل ہیں کہ جنہوں نے محرم الحرام کے اندر اپنی اپنی امام بارگاہوں اور عزا خانوں میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی ہیں۔