پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

یوم نکبہ مہم، فلسطین کی حمایت میں سندھ بھر کے ذاکرین امامیہ کا اجتماع

ذاکرین نے کانفرنس میں قرار داد منظور کرتے ہوئے مسلم دنیا کے حکمرانوں سے اپیل کی کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کریں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ امریکی و اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ ہر سطح پر جاری رکھا جائے، غز ہ کی ناکہ بندی کے خاتمے کیلئے تمام مسلمان ممالک کردار ادا کریں

شیعہ نیوز: فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے یوم نکبہ مہم کے تحت کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں سندھ بھر کے ذاکرین امامیہ کا یکجہتی فلسطین کنونشن منعقد کیا گیا، جس میں سندھ بھر کے مشہور و معروف ذاکرین نے شرکت کی۔ کانفرنس کی صدارت فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کی۔ یکجہتی فلسطین کانفرنس سے علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ اخلاق احمد اخلاق، علامہ نثار قلندری، علامہ فرقان عابدی، علامہ سجاد شبیر، علامہ علی عرفان، کامران عابدی سمیت دیگر شرکت کی اور خطاب کیا۔ ذاکرین کرام کی یکجہتی فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے پاکستان کے خلاف ہندوستان کی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کے جنگی جنون کو کنٹرول کیا جائے اور مودی سرکار کو لگام ڈالی جائے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت خطے میں آگ و خون کا بازار گرم کر کے امریکا اور اسرائیل کی خدمت کرنا چاہتی ہے، پاکستان کی سالمیت پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے اور دفاع وطن کیلئے پوری قوم متحد ہو کر سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔ مقررین نے کہا کہ افواج پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان کی دفاعی لائن مضبوط ہے، جسے کسی کو توڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: بھارتی جارحیت کے خلاف، تحریک بیداری امت مصطفیٰ کی جانب سے علامتی پریڈ

مقررین نے غزہ، لبنان، یمن اور شام پر امریکی اور اسرائیلی جارحیت کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ مقررین نے یوم نکبہ کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین پر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے قبضہ کو 77 سال بیت چکے ہیں اور آج فلسطینی عوام کیلئے ہر دن ایک نکبہ کی مانند ہے، پوری دنیا فلسطینیوں کی نسل کشی کا تماشہ دیکھ رہی ہے۔ مقررین نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے واضح کہا تھا کہ فلسطین کے حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گے، قائداعظمؒ نے اسرائیل کو ایک ناجائز اور غاصب ریاست قرار دیا ہے، فلسطین ہمیشہ سے فلسطینیوں کا وطن رہا ہے اور وطن رہے گا۔ مقررین نے فلسطینی عوام کے حق واپسی کی بھرپور حمایت کی اور کہا کہ سندھ بھر میں ذاکرین کرام مجالس کے اجتماعات میں مسئلہ فلسطین کو خصوصی اہمیت دیں گے اور مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے کیلئے مجالس میں فلسطین کاز کی حمایت کو اجاگر کیا جائے گا۔ ذاکرین نے کانفرنس میں قرار داد منظور کرتے ہوئے مسلم دنیا کے حکمرانوں سے اپیل کی کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کریں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ امریکی و اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ ہر سطح پر جاری رکھا جائے، غز ہ کی ناکہ بندی کے خاتمے کیلئے تمام مسلمان ممالک کردار ادا کریں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ 15 مئی کو کراچی پریس کلب پر یوم نکبہ کے موقع پر عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ کیا جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button