پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

قدرتی وسائل کا ہر قیمت پر تحفظ کرینگے، مرکزی انجمن امامیہ گلگت بلتستان کادوٹوک اعلان

حال ہی میں اسلام آباد میں ہونے والی منرلز کانفرنس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ کے پی کے اور گلگت بلتستان میں موجود معدنیات کے ذریعے پہاڑ جیسے غیر ملکی قرضے سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے

شیعہ نیوز: مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو میں دفتر انجمن امامیہ بلتستان میں مرکزی انجمن امامیہ گلگت بلتستان اور استور کا مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں گلگت سے آغا سید راحت حسین الحسینی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ اجلاس میں جی بی کے وسائل کے تحفظ، قومی و ملی مسائل کے حوالے سے غور کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل کا تحفظ ہر قیمت پر کریں گے۔ گلگت بلتستان کا کوئی فرد اس سازش کا آلہ کار نہ بنے۔

جی بی وزیراعلیٰ کی منرلز کانفرنس میں شرکت عوامی وسائل پر شبخون مارنے کی سازش ہے۔ لینڈ ریفارمز عوامی توقعات اور رواجی و شرعی قوانین سے متصادم ہوا تو مسترد کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق قائد ملت جعفریہ گلگت سید راحت حسین الحسینی نے مرکزی انجمن امامیہ گلگت کے صدر سید شرف الدین کاظمی و کابینہ کے ہمراہ بلتستان کا دورہ کیا۔

انجمن امامیہ بلتستان کے صدر آغا سید باقر الحسینی اور دیگر علماء کرام نے آغا راحت حسین الحسینی اور دیگر علماء کرام کا مرکز امامیہ سکردو آمد پر پرتپاک استقبال کیا۔ بعد ازاں مرکزی انجمن امامیہ استور، مرکزی انجمن امامیہ بلتستان اور مرکزی انجمن امامیہ گلگت کا مشترکہ اہم اجلاس مرکز امامیہ سکردو میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں گلگت بلتستان کو درپیش مسائل، ملی وحدت کے فروغ، گلگت بلتستان کے مشترکہ دیرینہ مسائل کے حل، قدرتی وسائل کے تحفظ کیلئے 6 رکنی عبوری کمیٹی تشکیل دی گئی، جو گلگت بلتستان کے تمام اضلاع کی انجمنوں اور ضروری اہم شخصیات پر مشتمل ایک اہم فورم تشکیل دے گی، جو گلگت بلتستان کے اہم ایشوز پر مشترکہ لائحہ عمل طے کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: حضرت امام جعفر صادق علیہ الصلوۃ والسلام کی حیات طیبہ عالم بشریت کے لیے مشعل راہ ہے،علامہ مقصود ڈومکی

اجلاس میں گرین ٹورازم، لینڈ ریفارمز، بالخصوص پاکستان منرلز ڈویلپمنٹ کانفرنس اسلام آباد کے معاہدوں کا بغور جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی اور صوبائی حکومت پر واضح کیا گیا کہ گلگت بلتستان کے تمام قدرتی وسائل، زمین، دریا، گلیشرز، جنگل اور معدنیات گلگت بلتستان کے عوام کی ملکیت ہیں، جن پر شبخون مارنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کسی بھی قانون کے ذریعے گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل پر قبضہ کرنے کی ہر سازش کے سامنے دیوار بن کر عوامی مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔

اجلاس میں آن لائن لیزنگ مائننگ رجسٹریشن اور مائننگ سے وابستہ ضروری لوازمات پر غیر ضروری پابندیوں کے ذریعے اس کاروبار سے وابستہ افراد کو روزگار سے محروم کرنے کوششوں کی بھی مذمت کی گئی۔

پس منظر حال ہی میں اسلام آباد میں ہونے والی منرلز کانفرنس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ کے پی کے اور گلگت بلتستان میں موجود معدنیات کے ذریعے پہاڑ جیسے غیر ملکی قرضے سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ اس کانفرنس میں مختلف غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ معدنیات کی تلاش کے حوالے سے کئی معاہدے بھی ہوئے تھے۔ چین کی ایک کمپنی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے تحت جی بی میں لیتھیم کی تلاش کا معاہدہ بھی شامل ہے۔

وزیراعظم کے اس خطاب کے بعد گلگت بلتستان میں شدید ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے اور خطے کے وسائل کے تحفظ کیلئے مختلف سٹیک ہولڈرز مشاورت کا عمل تیز کر رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں گلگت سے سید راحت حسین الحسینی خصوصی طور پر سکردو کے دورے پر ہیں۔ دوسری طرف عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کے زیراہتمام جلد ایک گرینڈ قومی جرگہ بھی منعقد کیا جا رہا ہے۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے گلگت میں اپوزیشن لیڈر سمیت حزب اختلاف کے ممبران سے ملاقات کی اور گرینڈ قومی جرگے میں شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر اپوزیشن ممبران نے گرینڈ جرگے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button