آئی ایس او کراچی ڈویژن کا دہشت گردی کے خلاف ملی و طلبہ تنظیموں سے رابطہ
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن نے یوم القدس ریلی دھماکہ، کامرہ ائیر بیس دھماکہ اور کوئٹہ و گلگت میں دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور دہشت گردی کے خلاف عوامی شعور کو بڑھانے کے لئے ملی و طلبہ تنظیموں سے رابطوں کا آغاز کردیا ہے، آئی ایس او نے پاکستان میں دہشت گردی کا ذمہ دار امریکا و اسرائیل کو ٹہرایا ہے اور القدس ریلی میں دھماکے کی ایف آئی آر کراچی میں متعین امریکی کونسل جنرل کے نام کٹوانے کی درخواست بھی جمع کرا دی ہے، اس حوالے سے ملی تنظیموں جن میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور شیعہ علماء کونسل پاکستان نے بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے امریکی کونسل جنرل کے خلاف ایف آئی آر کٹوانے کی کوشش کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
اس موقع پر القدس ریلی کے شرکاء کے زخمی طلبہ کی عیادت کے آنے والی تمام طلبہ تنظیموں بشمول اسلامی جمعیت طلبہ، انصاف اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، پنجابی اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کا آئی ایس او کراچی کے ڈیژونل صدر نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے طلبہ فرقہ اور قوم پرستی سے بالاتر ہیں، طلبہ متحد ہیں لہذا دہشت گردی کے خلاف طلبہ مل کر مقابلہ کریں گے، اس حوالے سے آئی ایس او طلبہ تنظیموں سے بھی رابطہ کرنے میں مصروف ہے اور بہت جلد استحکام پاکستان کے لئے طلبہ تنظیموں کی کانفرنس بھی بلائی جائے گی۔