پاکستانی شیعہ خبریں

سیرت زینب(ع) نے ظالم کو ہمیشہ کیلئے نشان عبرت بنا دیا، علامہ امین شہیدی

ameen shaheediمجلس وحدت مسلمین لاہور خواتین ونگ کے زیر اہتمام وارث کربلا زینب کبری(ع) کانفرنس قومی مرکز خواجگان لاہور میں منعقد ہوئی جس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی، مرکزی سیکرٹری تبلیغات علامہ ابوذر مہدوی اور خواتین ونگ کی انچارج خانم سکینہ مہدوی نے خطاب کیا۔ علامہ محمد امین شہیدی نے کہا کہ ایک واعظ اور معلم کا معاشرے میں بہت اہم کردار ہے، معلم ایک استاد کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کی بحث معاشرے میں زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیرت زینب(ع) نے کربلا کی تحریک کو وہ طاقت دی کہ ظالم کو ہمیشہ کیلئے عبرت کا نشان بنا دیا، اس پرآشوب دور میں بھی جس طرح سے اسلامی اقدار کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں ہماری خواتین کو میدان میں آ کر کردار جناب زینب(ع) پر عمل کر تے ہوئے اسلامی اقدار اور اصولوں کا محافظ بننا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حسین ابن علی(ع) کے خطبات جو حریت، آزادی اور غیرت و حمیت درس دیتے ہے آج ہمیں ان پر عمل کرنے کی شدید ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشن کربلا توحید و نبوت کے تحفظ کا نام ہے اور وارث کربلا زینب کبری(ع) جیسی شخصیات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں ایک بار پھر یزیدیت سر اٹھاتی نظر آ رہی ہے، اس کو کچلنے کے لئے کردار زینبی(ع) کی ضرورت ہے، جس طرح انہوں نے کربلا کی تحریک کو منظم اور طاقت ور بنایا تھا اور یزید کے کرتوتوں کو دنیا کے سامنے رکھ دیا تھا اسی طرح موجودہ دور کے یزید (شیطان بزرگ امریکہ ) کے مظالم اور اس کے کردار کو مسلم دنیا کے سامنے آشکار کرنا ہو گا.

انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین الحمدللہ باشعور اور پیغام زینب(ع) سے آشنا ہیں اور وہ کردار زینبی(ع) کو اپنا کر مسلم معاشرے اور اسلامی اقدار کا تحفظ کر سکتی ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سکینہ مہدوی نے کہا کہ ہماری خوش بختی ہے کہ ہم کربلا والے مکتب سے وابستہ ہیں اور اسے بڑھ کر یہ خوشی قسمتی ہے کہ ہماری رہنما عظیم امام علی(ع) کی عظیم بیٹی جناب زینب (ع)ہیں، جنہوں نے اپنی بھائی کی کربلا کے ریگزار میں دی جانے والی قربانی کو رائے گاں نہیں جانے دیا بلکہ پوری دنیا میں اپنے خطبوں سے یزیدیت کو قیامت تک کیلئے مردہ باد اور حسینیت کو زندہ باد بنا دیا۔

سکینہ مہدوی نے مزید کہا کہ آج بھی کربلا عصر ہم خواتین سے کردار زینبی(ع) کا مطالبہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی یزید وقت اسی طرح اسلام کو نقصان پہنچانے کے درپے اور حسینیوں کو بالخصوص نشانہ بنا رہا ہے ایسی صورت حال میں ہماری ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اپنے کردار کو مثالی بنائیں اور اسلام کے احیاء کے لئے اپنی خدمات پیش کریں کیوں کہ ہماری درس گاہ کا پہلا سبق ہی اسلام کیلئے سب کچھ قربان کرنا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button