اسلامی ممالک غزہ پر اسرائیلی ظلم و بربریت کیخلاف عملی اقدام کریں،اطہر عمران طاہر
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران طاہر نے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے اور اسلامی ممالک اور انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ فقط بیانات کی حد تک اس جارحیت کی مذمت نہ کریں بلکہ جانبداری کے حصار سے باہر نکل کر اسرائیلی مظالم کے خلاف عملی اقدامات کرتے ہوئے برسوں سے اسرائیلی ظلم کی چکی میں پسنے والے فلسطینیوں کا محاصرہ ختم کروائیں۔
اطہر عمران طاہر نے فلسطینیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ محرم کا آغاز ہو چکا ہے جو کہ تمام یزیدی اور طاغوتی قوتوں کی نابودی کا مہینہ ہے، ظلم کے خلاف ڈٹ جانے اور تلوار پہ خون کی فتح کا مہینہ ہے، لہذٰا کربلا سے درس حریت لیتے ہوئے ظلم کے خلاف ڈٹ جائیں اور یزید وقت کی نابودی کا باعث بنیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل امریکی ایما پر فلسطینیوں کے خلاف جارحیت کا مرتکب ہو رہا ہے جو اس کے اپنی موت ثابت ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے امت مسلمہ کو اب خاموش نہیں رہنا چاہیے کیوں کہ یہ وقت خاموشی کا نہیں بلکہ استعمار کی نابودی کے آغاز کا ہے، اگر امت مسلمہ نے اپنے اتحاد کا مظاہرہ کیا تو اسرائیل کا ناجائز وجود لمحوں میں صفحہ ہستی سے مٹ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی 20 ریاستوں میں شروع ہونے والی علیحدگی کی تحریک امریکا کی بربادی پر منتج ہو گی اور انشاء اللہ ظلم کی یہ سیاہ رات بہت جلد ختم ہو جائے گی۔