پاکستانی شیعہ خبریں

سانحہ مستونگ پر علامہ ساجد نقوی کی جانب سے اظہار افسوس

sajid naqvi sucملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی نے بلوچستان میں مستونگ کے علاقہ درینگڑھ میں مقامات مقدسہ کی زیارت کو جانے والی زائرین کی دو بسوں پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 40 زائرین کی شہادت اور دو درجن سے زائد کے شدید زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس سانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ زائرین پر مسلسل اور متواتر حملوں سے ایک طرف تو امن و امان کے ضامن اداروں کی مکمل ناکامی ظاہر ہوتی ہے اور دوسری جانب ریاستی اداروں کی مجرمانہ غفلت کا پتہ چلتا ہے، تاہم یہ بات سب پر واضح ہو کہ اس قسم کی بزدلانہ کارروائیوں سے نہ تو زائرین کے شوق زیارت میں کمی آسکتی ہے اور نہ ہی ان کی مقامات مقدسہ سے والہانہ عقیدت اور جذباتی وابستگی کو کم کیا جاسکتا ہے۔

علامہ ساجد نقوی نے سانحہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین اور پسماندگان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی اور شیعہ علماء کونسل بلوچستان کے کارکنوں کو امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر گذشتہ سانحات کے مرتکب مجرموں اور قاتلوں کا کھوج لگا کر انکے سرپرستوں کو بے نقاب کیا جاتا اور دہشت گردوں کو عبرتناک انجام سے دوچار کیا جاتا تو ایک بار پھر ملک کی فضا درجنوں شہداء کے غم میں سوگوار نہ ہوتی اور نہ ہی سینکڑوں خاندانوں کو اپنے پیاروں کے خون آلودہ لاشے اٹھانا پڑتے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close