پاکستانی شیعہ خبریں

اسلامی تحریک اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان اتحاد کا باضابطہ اعلان

ppp itpاسلامی تحریک پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان آئندہ قومی انتخابات کے سلسلہ میں معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کا باضابطہ اعلان آج اسلام آباد میں منعقدہ ایک پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا۔ پریس کانفرنس میں دو سابق وزراء اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کے علاوہ اسلامی تحریک پاکستان اور شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی، علامہ شبیر میثمی، سید سکندر عباس گیلانی اور پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنماء شہلا رضا نے شرکت کی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور اسلامی تحریک آئندہ عام انتخابات ایک دوسرے کے شانہ بشانہ لڑیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی تحریک کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ بھی کی جائے گی۔

اس موقع پر علامہ عارف حسین واحدی کا کہنا تھا کہ اسلامی تحریک اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان اتحاد پاکستان کی بنیادیں مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ہم جمہوریت کے استحکام اور امن کے قیام کے لئے علامہ سید ساجد علی نقوی کی قیادت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنماء راجہ پرویز اشرف نے اسلامی تحریک کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ سید ساجد علی نقوی سے ہمارے ذاتی و سیاسی اچھے تعلقات قائم ہیں۔ ہم اسلامی تحریک کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد کا اہم فیصلہ کیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button