کوئٹہ، زائرین بس دھماکے کیخلاف شہر بھر میں سوگ
شیعہ نیوز (اسٹاف رپورٹر) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے میں گذشتہ روز ہونے والے دھماکے کے بعد شہر کی فضا سوگوار ہے اور اہل تشی جماعتوں کی اپیل پر شہر بھر میں ہڑتال ہے۔ بدھ کو نئے سال کے پہلے ہی دن کوئٹہ میں دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا تھا جہاں کوئٹہ کے نواحی علاقے اخترآباد میں ایران سے آنے والی زائرین کی بس میں دھماکے سے تین افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ پولیس کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی کو بس سے ٹکرا دیا تھا۔ دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت دو درجن سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے تھے، جن میں کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔
واقعے کے خلاف بلوچستان شیعہ کانفرنس، مجلس وحدت مسلمین سمیت دیگر تنظیموں نے تین روزہ سوگ اور جمعرات کو ہڑتال کا اعلان کیا تھا، جس کے باعث شہر بھی مارکیٹیں اور دکانیں بند ہیں۔ علمدار روڑ، ہزارہ ٹاؤن، کلی کیرانی، مری آباد سمیت دیگر علاقوں میں کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ ٹریفک بھی معمول سے انتہائی کم ہے۔ مزید براں واقعے کا مقدمہ شال کوٹ تھانے میں ایس ایچ او کی مدعیت میں نامعلوم افراد کےخلاف درج کرلیا گیا ہے۔ جس کی ایف آئی آر میں دہشت گردی، قتل، اقدام قتل سمیت دیگر دفعات لگائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ جمعرات کو وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر مالک بلوچ کی زیر صدارت سکیورٹی اجلاس بھی ہوگا۔ جس میں زائرین کی بسوں کو فول پرؤف سکیورٹی فراہم کرنے کے حوالے سے حکمت عملی تشکیل دی جائے گی۔