راجن پور میں ڈاکٹر اظہر کا قتل حکومتی نااہلی کا واضح ثبوت ہے، علامہ نیاز حسین نقوی
وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر مولانا سید نیاز حسین نقوی نے راجن پور میں دہشتگردوں کے ہاتھوں ڈاکٹر اظہر حسین کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے گذشتہ سانحات میں قاتلوں کے گرفتار نہ ہونے کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال ضلع راجن پور میں حالت نماز میں شہید کئے جانیوالے کم سن طالبعلم باقر عباس اور چند ماہ بعد سید فضل حسین کے قتل کا پنجاب حکومت نے خاطر خواہ نوٹس نہیں لیا، جس پر دہشتگردوں کے حوصلے بڑھ گئے اور اب تک قتل و غارت کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا گذشتہ دو سال میں لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، راولپنڈی میں مسلسل ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں قاتلوں کا گرفتار نہ ہونا پنجاب حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آئی سرجن پروفیسر ڈاکٹر علی حیدر کے قاتلوں کو سزا دی جاتی تو شاید بعد کے سانحات رونما نہ ہوتے۔ مولانا نیاز حسین نقوی نے کراچی میں جاری دہشتگردی میں لسانی تنظیم کے ملوث ہونے کے بارے رینجرز کے بیان کا سنجیدگی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگی حکومت سیاسی مصلحتیں بالائے طاق رکھ کر قاتلوں اور ان کے سرپرستوں کیخلاف سخت آپریشن کرے اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائے۔