زائرین و فورسز کو نشانہ بنانیوالوں کے خلاف کارروائی کی جائے، شاہ تراب الحق قادری
شیعہ نیوز (کراچی) جماعت اہلسنّت کراچی کے امیر شاہ تراب الحق قادری نے کہا کہ ملک میں منظم منصوبہ بندی کے تحت فرقہ واریت کی آگ بھڑکائی جارہی ہے، مختلف مکاتب کے علما کو ٹارگٹ کرنا اسی سلسلے کی کڑی ہے، مزارات پر جانے والے زائرین، سیکیورٹی فورسز اور صحافتی نمائندوں کو دہشت و بربریت کا نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں سماجی تنظیم کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شاہ تراب الحق قادری نے کہا کہ فرقہ واریت کی بنیاد پر نفرت و فساد معاشرے اور ملک کیلئے زہر قاتل ہے، مسلک و عقائد کی بنیاد پر قتل و غارت سے فرقوں میں کشیدگی انتشار و خلفشار بڑھ رہا ہے، اس صورتحال کے پیش نظر عوام اور کاروباری طبقہ میں اضطراب و بے یقینی پائی جاتی ہے۔ شاہ تراب الحق قادری نے مزید کہا کہ نبی کریمؐ کے امتی ہونے کا اولین تقاضا ہے کہ آپس میں اخوت و محبت، برداشت اور تعاون کی فضا کو پروان چڑھا کر زبان، رنگ و نسل اور علاقائی تعصبات کو ختم کرنا ہوگا