شیعہ سنی اتحاد سے ملک دشمن عناصر کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں، بلوچستان شیعہ کانفرنس
شیعہ نیوز (کوئٹہ) بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید داؤد آغا اور نائب صدر سید مسرت آغا نے کہا ہے کہ شیعہ و سنی اتحاد نے ملک دشمن عناصر کی نیندیں حرام کر دیں اور اس اتحاد کو سبوتاژ کرنے کیلئے مختلف حربے استعمال کئے جا رہے ہیں، جان بوجھ کر کوئٹہ کے مثالی امن کو خراب کرنے کیلئے اشتعال انگیز نعرے اور عوام میں دوری پیدا کرنے کیلئے متعصبانہ لٹریچر اور کتابوں کی ترویج جاری ہے۔ عوام ان عناصر کے درپردہ چہرے پہچان چکے ہیں اور انکی سازش اب کامیاب نہیں ہو سکتی۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں بلوچستان شیعہ کانفرنس کے رہنماؤں نے کہا کہ گذشتہ سانحات 2011ء سے لیکر 2014ء تک کسی بھی واقعے میں ملوث عناصر کو گرفتار نہیں کیا گیا، دانستہ طور پر شرپسندوں کو کھلی چھوٹ دینا اور دہشتگردوں کیخلاف کاروائی کا وعدہ کرکے علمدرآمد نہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ دہشتگرد آزاد گھوم رہے ہیں اور کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی، تفتان سے کوئٹہ کے راستے میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مسمار کرنے کا وعدہ تو حکومت نے کر لیا، لیکن تاحال اس پر عملی اقدامات نہیں اُٹھائے گئے اور نہ ہی نو گو ایریاز کو ختم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کو تحفظ نہ دینے اور بس سروس کی معطلی سے شیعہ عوام میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے مزید کہا کہ مُٹھی بھر دہشتگردوں کا اسلام و انسانیت سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی یہ اس ملک کے شہری ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بدامنی پھیلا کر ملک کی خدمت نہیں کی جا سکتی، اسلام امن و آشتی، محبت اور اخوت کا درس دیتا ہے لیکن یہ درندے ان صفحات سے بہت دور ہیں۔