پاکستانی شیعہ خبریں
پشاور، کالعدم لشکر اسلام کی شہریوں کو رہائشی علاقہ خالی کرنے کی تنبہہ
شیعہ نیوز (پشاور) خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے ایک محلہ میں کالعدم دہشتگرد تنظیم لشکر اسلام (ایل آئی) کی طرف سے منسوب ایک پمفلٹ تقسیم کیا گیا ہے، جس میں رہائشیوں کو دس دنوں میں علاقہ خالی کرنے کا کہا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق منظور کالونی میں پہاڑی پورہ کے رہائشیوں کو دہشتگردوں نے عمل نہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔ لشکر اسلام کے سربراہ لطیف اللہ کے لیٹر ہیڈ کے ساتھ دھمکی آمیز پمفلٹ میں کہا گیا ہے کہ عسکریت پسند تنظیم کی شورٰی (کونسل) نےکالونی کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پمفلٹ میں اس کی وجوہات نہیں دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ لشکر اسلام منگل باغ کی زیر قیادت خیبر ایجنسی ے قبائلی علاقے میں ایک باڑہ مقیم دہشتگرد تنظیم ہے، جس پر دو ہزار آٹھ میں پابندی لگائی گئی تھی۔ پولیس نے کہا ہے کہ پمفلٹ کی صداقت کا پتہ لگانے کے لیئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ علاقے میں مزید گشت کے لئے پولیس دستوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔