ہم ہوتے تو عمران خان اور طاہرالقادری کا استقبال کرتے، یوسف رضا گیلانی
شیعہ نیوز (کراچی) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ حکومت نے پہلی غلطی اسلام آباد کو بند کرکے اور طاہرالقادری کو چودہ گھنٹے طیارے میں بٹھا کر کی۔ ہم ہوتے تو عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کا استقبال کرتے۔ سٹی کورٹ میں کراچی بار ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں میاں صاحب کو ڈرایا گیا مگر ہم نے کہا وہ اسلام آباد آئیں، جلسہ کریں ہم انھیں سکیورٹی فراہم کریں گے۔ ہم نے نہ فوج طلب کی اور نہ آرٹیکل 245 کا سہارا لیا۔ آج کیوں کنٹینر کھڑے کئے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طاہرالقادری کو جہاز میں 14 گھنٹے روک کر ان کی پبلسٹی کی گئی، حکومت اپنے انتخابی وعدوں کو پورا کرے، وعدے پورے نہ ہونے پر مقبولیت کم ہوگی۔ صدر کراچی بار بیرسٹر صلاح الدین احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک مشکلات کا شکار اور جمہوری نظام خطرے میں ہے۔ جمہوریت پر شب خون مارنے کی کوشش کی گئی تو وکلاء ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔