حکومت عزاداروں کی حفاظت کیلئے سخت انتظامات کرے، علامہ ناظر عباس تقوی
شیعہ نیوز (کراچی) شیعہ علماء کونسل نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت عزاداروں کی حفاظت کیلئے انتظامات مزید سخت کرے۔ علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے عزاداروں کی سیکورٹی یقینی ہونے کے دعوے کئے گئے لیکن گذشتہ شب اسلامک ریسرچ سینٹڑ پر ہونے والے دستی بم حملے نے سیکورٹی کا پول کھول دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ عزاداروں کی حفاظت کے یقینی انتظامات کرے۔ دوسری جانب پولیس نے محرم الحرام کے دوران سیکورٹی کی حکمت عملی تبدیل کرلی ہے۔ محرم الحرام کے دوران وال چاکنگ، بینرز، پمفلٹس کی تقسیم، شرانگیز تقاریر، شرانگیز مواد والی سی ڈیز،ڈی وی ڈیز، آڈیو اور ویڈیو کیسٹس کی فروخت کے فیصلے پر بھی سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ حساس اداروں میں مساجد، امام بارگاہوں، مرکزی مجالس میں اسکینرز اور واک تھرو گیٹس کی تنصیب کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مرکزی جلوسوں کی خفیہ کیمرے سے نگرانی یقینی بنائے جائے گی۔