دہشتگردی، فرقہ واریت اور بیرونی فنڈنگ کا خاتمہ ہماری ترجیحات ہیں، ثروت اعجاز قادری
شیعہ نیوز (کراچی) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ سیدنا امام حسین (ع) کے نقش قدم پر چل کر ہی حالات کا مقابلہ اور ظالم و جابر انسانیت کے دشمنوں کو شکست دی جاسکتی ہے۔ امام حسین (ع) اور ان کے ساتھیوں نے کربلا کے میدان میں اپنی جانوں کی قربانی دیکر دین اسلام کے پرچم کو بلند کیا اور رہتی دنیا تک مثال قائم کردی کہ ظالم و جابر، فاسق کے سامنے کلمہ حق بلند کرنا ہی حسینیت ہے، چاہے اس راہ میں کتنی ہی مشکلات کا سامنا ہو گھر بار اولاد سمیت اپنی جان کی قربانی دینا اہل حق کا شیوہ ہے، ہمارے ملک میں انتہاء پسندی، دہشتگردی، مہنگائی و بے روزگاری، بھوک و افلاس اور مصنوعی بحران بلندی پر ہے، حکمران عوام کو حقوق دینے اور ان کے مسائل کو حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کریں، کرپشن دہشتگردی، فرقہ واریت، بیروزگاری اور بیرونی فنڈنگ کا خاتمہ ہماری ترجیحات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہل سنت پر نیا آباد، کھارادر سے آئے ہوئے معززین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ انقلاب حسینیت کے جذبے سے ہی آتا ہے معاشی آزادی، سکھ و چین اور انصاف کی فراہمی کیلئے ہم سب کو آواز حق بلند کرکے میدان عمل میں آکر جدوجہد کرنا ہوگی۔ یہ یاد رکھا جائے جو اقوام ظلم و جبر، انتہاء پسندی و دہشتگردی کے خلاف اور حقوق کے حصول کیلئے آواز بلند نہیں کرتیں تو ان کا بھی شمار یزیدی لشکر میں ہی ہوتا ہے۔ اسلام کی سربلندی اور ملک بچانے کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے اور اس کے لئے حسینی جذبے سے سرشار ہوکر کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تمام سیاسی و مذہبی قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، پاکستان سنی تحریک ملک میں جمہوریت کو آگے بڑھتے دیکھنا چاہتی ہے، جمہوری نظام چلتا رہا تو مستقبل میں پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں ہوگا۔