مجالس حسین (ع) اور ذکر مصطفی (ص) کے اجتماعات اتحاد امت کے ضامن ہیں، علامہ حسن ظفر نقوی
شیعہ نیوز(کراچی) معروف عالم دین اور خطیب علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ خدا اور اس کے رسولﷺ کو امام حسین ؑ کا ذکر بہت پسند ہے جبکہ مجالس حسین اور ذکر مصطفیٰ ﷺ کے اجتماعات اتحاد امت کے ضامن ہیں۔ اسلامک ریسرچ سینٹر میں عشرہ محرم کی مجلس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ جو لوگ مجالس حسین اور ذکر مصطفیٰﷺ کی مخالفت کرتے ہیں وہ یہ بات سمجھ لیں کہ ،نانا رسول اللہﷺ اور نواسہ امام حسینؑ کا ذکر اتحاد امت کی ضمانت اور باعث نجات و بخشش ہے۔یہی وجہ ہے کہ آج دنیا بھر میں امام حسینؑ کا ذکر عقیدت و احترام سے ہو رہا ہے اور ہر شخص اپنے اپنے عقائد و نظریات کے مطابق شہداء کربلاء کا ذکر کررہا ہے ۔اس کی وجہ یہ ہے کہ رسول اکرمﷺ اور آپکی اولاد نے سخت اور کٹھن وقت میں دین کی ترویج کے فرائض انجام دیئے اور شریعت محمد یﷺ کو مستحکم کیا ،ان مقدس ہستیوں نے ہر آنیوالے دشمن اسلام کو واضح پیغام دیا ہے کہ دین ہمیشہ قائم رہنے کیلئے ہے اور اس کے خلاف ہونیوالی سازشوں کا مقابلہ بھرپور اانداز میں کیا جائیگا ۔یہی وجہ ہے کہ آج بھی دین کے دشمن مسلمانوں کو ختم کرنے کے درپے ہیں لیکن دین اور مسلمان سب پر غالب ہرکر رہینگے۔