قتال فی سبیل اللہ کی ترغیب دینے والے دہشتگردوں کے ساتھی ہیں، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ قتال کی باتیں کرنے والے آگ سے نہ کھیلیں، قتال کی ترغیب دینے والے دہشت گردوں کے ساتھی ہیں۔ سپریم کورٹ منور حسن کے انتہاءپسندانہ بیان کا نوٹس لے، امن پسند پاکستانی سابق امیر جماعت اسلامی کے بیان کو مسترد کرتے ہیں، قوم انتہا پسندوں کے مددگاروں کو پہچان چکی ہے، دہشت گردی کو قتال فی سبیل اللہ کہنا درست نہیں۔ معاشرے کو طالبان زدہ نہیں بننے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ داعش کے ذریعے خلافت کو بھی متنازعہ بنانے کی سازش کر رہا ہے، کالعدم تنظیموں سے پابندی ہٹا کر ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کی سازش کی جا رہی ہے۔
صاحبزادہ ریاض احمد اویسی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انقلاب اور تبدیلی کی سوچ پھیل چکی ہے، اب حکمرانوں کو گھر جانا ہو گا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ دھرنوں اور جلسوں نے ملک کا سیاسی کلچر تبدیل کر دیا ہے، عوام اپنے حقوق پہچان چکے ہیں، اب حکمرانوں کی من مانی نہیں چلے گی، ملک میں شعور، بیداری اور تبدیلی آ چکی ہے، نااہل قیادت بدلے تو نظام بدلے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر غریب پاکستانی کے دل میں حکمرانوں کے لئے نفرت کا آتش فشاں ابل رہا ہے۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ مریم نواز اور زاہد حامد کے استعفے حکومت کی وکٹیں گرنے کی علامت ہیں، حکمرانوں کو عوامی غیض و غضب سے کوئی نہیں بچا سکتا۔ لٹیروں اور وڈیروں کا راج ختم ہونے والا ہے۔ عوامی انقلاب پاکستان کا مقدر بن چکا ہے، سرگودھا میں بچوں کی ہلاکت نظام صحت کی ناکامی کا ثبوت ہے۔