فتنہ تکفیر پاکستان سمیت دیگر مسلم ممالک میں انتہائی مہلک شکل اختیار کرچکا ہے، حافظ سعید
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ سعید نے کہا ہے کہ بیرونی قوتیں پاکستان میں بدامنی کا ماحول پیدا کر رہی ہیں۔ منظم منصوبہ بندی کے تحت فرقہ وارانہ قتل و غارت گری اور علاقائیت کو پروان چڑھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ مسلمانوں پر کفر کے فتوے لگا کر قتل و غارت گری سے بیرونی قوتوں کو سازشوں کے مواقع مل رہے ہیں۔ ملک میں اتحاد و یکجہتی کا ماحول پیدا کرکے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔ جماعة الدعوة فرقہ واریت کے خاتمہ کیلئے ملک میں اتحاد و یکجہتی کیلئے کوششیں کر رہی ہے۔ مرکز عثمان بن عفان بہاولپور روڈ اڈہ لاڑ ملتان میں جماعة الدعوة ملتان زون کے ذمہ داران و کارکنان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعة الدعوة نے کہا کہ فرقہ وارانہ قتل وغارت گری سے ہندو، صلیبی و یہودی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ فرقہ واریت اور گروہ بندیوں سے امت مسلمہ کا شیرازہ بکھر کر رہ گیا ہے۔ امریکہ، بھارت اور اسرائیل منظم سازشوں کے تحت ایٹمی پاکستان میں خانہ جنگی پروان چڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مصر، شام اور لیبیا کی طرح پاکستان میں بھی مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی خوفناک سازشیں کی جا رہی ہیں۔ فتنہ تکفیر پاکستان سمیت دیگر مسلم ممالک میں انتہائی مہلک شکل اختیار کر چکا ہے۔ ان حالات میں علماء کرام قوم کی رہنمائی کریں اور بیرونی سازشوں سے آگاہ کرتے ہوئے مسلمانوں کو متحد و بیدار کرنے کا فریضہ سرانجام دیں۔
امیر جماعة الدعوة حافظ سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکہ، بھارت اور ان کے اتحادیوں نے جنگ کا ایک حصہ افغانستان میں لڑا، دوسرا حصہ پاکستان میں لڑا جا رہا ہے۔ بھارتی فوج افغانستان میں اڈے بنا کر پاکستان میں دہشت گردی کی آگ بھڑکا رہی ہے۔ وطن عزیز میں بم دھماکے اور دہشت گردی کی آگ بھڑکانے والوں کو پناہ دینے کے علاوہ ہر قسم کی امداد دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ پاکستان کے خلاف الزام تراشیاں کیں، وہ خود کاروائیاں کرتا ہے اور الزام پاکستان پر لگا دیتا ہے، ایسا ایک مدت سے ہو رہا ہے۔ کشتی کے معاملے پر انڈیا کا جھوٹ دنیا کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے۔ حافظ سعید نے کہا کہ حرمت رسول (ص) کا تحفظ ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ حکمران توہین آمیز خاکوں کے خلاف عالمی سطح پر قانون سازی کے لئے کردار ادا کریں۔ اسلامی ممالک کا اجلاس بلائیں اور حرمت رسول (ص) کے حوالہ سے قانون سازی کروا کے سب سے بڑی اور عالمی دہشت گردی کا راستے بند کریں۔ نبی کریم (ص) کی حرمت اتحاد امت کی بنیاد ہے۔ ہم سب نے اس مسئلے پر سب کو اکٹھا کرنا ہے۔ حکمران عالم اسلام کو اکٹھا کریں، ہم پاکستان میں سب کو متحد کریں گے۔