یمن سعودی ایشو پر پارلیمنٹ کی قرارداد قرآنی حکم کے مطابق ہے،علامہ قاضی نیاز نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاق المدارس شیعہ پاکستان نے نائب صدر علامہ سید نیاز حسین نقوی نے کہا ہے کہ یمن پر سعودی جارحیت اور داخلی معاملات پر ہماری پارلیمنٹ کی قرارداد قومی امنگوں کی ترجمان ہی نہیں بلکہ سورت الحجرات کی آیت نمبر ۹ کے مطابق ہے جس میں واضح طور پر مسلمان متحارب گروہوں کے درمیان صلح کرانے کا حکم دیا گیا ہے مگر طویل عرصہ سے شاہی خزانوں پر پلنے والے نام نہاد مذہبی عناصر قومی مفاد کی بجائے مطلق العنان سعودی شاہی آمریت و جارحیت کا دفاع کر رہے ہیں جو کہ مذکورہ بالا سورہ مبارکہ کی اس آیت کے خلاف ہے۔ جامعہ المنتظر لاہور میں طلباء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کی حفاظت کا نعرہ لگانے والے ان مقامات مقدسہ کی تاراجی کے مظالم پر احتجاج کیوں نہیں کرتے؟ موجودہ سعودی شاہی خاندان نے سالہا سال قبل مدینہ منورہ میں اہلبیت، ازواج رسول ﷺ اور صحابہ کرام کے مزارات مسمار کرنے کی شکل میں کئے، جس سے کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کے تحفظ کا دعوی سچا ہے تو ان عظیم ہستیوں کے مزارات دوبارہ تعمیر کئے جائیں۔ یمن، سعودی تنازعہ کے ضمن میں بعض دینی شخصیتوں کا طالبان اور یمنیوں کا تقابل اور طالبان دہشت گردوں کی حمایت قطعی خلاف حقائق اور انصاف کے منافی ہے، طالبان ہمارے تمام طبقات حتی کہ بچوں کے سفاک قاتل جبکہ حوثیوں نے محصور پاکستانیوں کو گزند پہنچائے بغیر وطن جانے دیا۔ علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ پارلیمنٹ کی قرارداد کے بعد بعض عناصر اور کالعدم قرار دیئے گئے دہشت گرد گروہوں کی طرف سے غیر ضروری شور شرابا قومی وحدت میں رخنہ ڈالنے اور ایکشن پلان کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے جس کا حکومت اور پاک فوج کو نوٹس لینا چاہئے۔