شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کریں گے، آئی ایس او
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں مئی میں منعقد ہونے والے پروگرامات کے حوالے سے مرکزی سیکرٹری جنرل آئی ایس او مدثر عباس نے ایک اہم اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2 مئی 1986ء کو انجئینرنگ یونیورسٹی لاہور میں اسلام دشمن عناصر نے ایک بزدلانہ کارروائی کی، جس کے نتیجہ میں آئی ایس او کے 2 جوان شہید ہوئے، مئی کا پہلا ہفتہ شہید تنصیر حیدر اور شہید راجہ اقبال کی بے مثال قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے، شہداء کی قربانیوں کی ہرگز فراموش نہیں کریں گے، آئی ایس او امسال بھی یکم سے 7 مئی تک ہفتہ شہداء امامیہ منائے گی، اس حوالے سے ملک بھر میں شہداء امامیہ کی قبور پر حاضری دی جائے گی اور پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی۔ مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ شہید تنصیر حیدر اور شہید راجہ اقبال نے ہمیشہ خدا کی خوشنودی کیلئے کام کیا اور اپنی زندگی کے ایک ایک لمحہ کو اسلام کی ترویج کیلئے وقف کیا، شہداء کے مرقد سرگودھا میں بھی خصوصی تقریب منعقد ہوگی، جس میں خانوادہ شہداء شریک ہونگے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئی ایس او کے زیراہتمام پروفیشنل ادارہ جات کے طلباء کیلئے سالانہ اسکاؤٹ کیمپ کا آغاز 7 مئی سے ہوگا، جس میں ملک بھر کی جامعات سے سینکڑوں طلباء شریک ہونگے جبکہ یکم مئی کو لاہور میں شہد مرتضٰی مطہری کی خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یوم معلم منایا جائے گا۔