جے ایس او پاکستان کی نرسری قوم کو پڑھا لکھا اور تربیت یافتہ نوجوان دیگی، علامہ عارف وحدی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان راولپنڈی ڈویژن کے صدر عبداللہ رضا نے جمعہ کے روز راولپنڈی میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی آفس میں ایس یو سی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں عبداللہ رضا نے علامہ عارف واحدی کو بلا مقابلہ سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارک دی۔ اس موقع پر شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ جے ایس او پاکستان کے نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، یہ وہ نرسری ہے جہاں سے تربیت یافتہ نوجوان پیدا ہوں گے، جنہوں نے کل ملک و قوم کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔ آپ طلبہ کی تربیت پر توجہ مرکوز رکھیں۔ اس سلسلے میں آپ کو جس قسم کی مدد کی ضرورت ہوگی، ہم حتی المقدور آپ کے ساتھ تعاون کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ تربیتی دروس، کوئز پروگرامز، لیکچرز اور دیگر نصابی سرگرمیوں پر اپنی توجہات کو مرکوز کریں۔
علامہ عارف واحدی کا مزید کہنا تھا کہ ماہ شعبان شروع ہوچکا ہے۔ یہ مہینہ اپنے آپ کو تیار کرنے کا ہے، آگے ماہ صیام آ رہا ہے، ماہ صیام کہ جو ماہ خدا ہے۔ اس مہینہ میں انسان اپنے نفس کو گناہوں سے بچانے کی تمرین کرتا ہے۔ ماہ شعبان میں اپنے آپ کو اس تمرین کے لئے آمادہ و تیار کریں اور دنیاوی تربیت کے ساتھ ساتھ اخروی تربیت پر توجہ مرکوز کریں۔ جے ایس او کا نوجوان ہر لحاظ سے ایک مکمل نوجوان ہونا چاہیے۔ جے ایس او پاکستان راولپنڈی ڈویژن کے صدر عبداللہ رضا نے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف واحدی کو اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور ماہ شعبان کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کو بیان کیا۔ جس پر علامہ عارف واحدی نے ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید مفید مشورے دیئے اور راہنمائی کی۔