اتحاد تنظیمات مدارس حکومت کے ساتھ حل طلب مسائل کا حل چاہتا ہے،نیاز نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ)وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے کہا ہے کہ اتحاد تنظیمات مدارس حکومت کے ساتھ حل طلب مسائل کا حل چاہتا ہے، مزاحمت نہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ حکومت پرامن مدارس کو تنگ کرنے اور تدریسی عمل میں مداخلت سے باز رہے۔ ہمیں خدمت دین مبین کا کام کرنے دیں۔ مدارس قرآن و حدیث کی تعلیمات دیتے ہیں، الجھایا نہ جائے۔ لاہور میں علما کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ 3 ستمبر کو وزارت مذہبی امور اور 7 ستمبر کو وزیر داخلہ سے پانچوں وفاق المدارس کی قیادت کی قابل بحث مسائل پر بات چیت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن کے فارم پر اتحاد تنظیمات مدارس کے تحفظات کو دور کر دیا جائے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔ حکومت این جی او ز اور سیکولر ذہن کے لوگوں کا ایجنڈا مدارس پر نہ تھونپے، کھلے دل و دماغ سے ہمارے دلائل سنے، مدارس دہشت گردی میں ملوث نہیں، اسلامی تعلیمات معاشرے میں عام کرنے کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں، منفی پراپیگنڈہ بند کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ 12 مئی کو اتحاد تنظیمات مدارس کی قیادت کے وزیر اعظم کے مشیر بیرسٹر ظفراللہ خان سے مذاکرات وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید کے مدارس کے خلاف توہین آمیز ریمارکس پر ملاقات سے واک آوٹ کر دیا تھا، اب دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت ہونے والی کارروائیوں کی روشنی میں حکومت سے رابطہ ہوا ہے۔ اس کا خیر مقدم کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ حکومت مدارس کی قیادت کے تحفظات دور کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں فوج کے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔ لیکن بلاوجہ مدارس میں چھاپے مارنا کسی صورت قبول نہیں۔ توہین آمیز رویہ ہے۔ ہم پاکستانی ہیں اور قوانین کا احترام بھی کرتے ہیں لیکن محض مفروضوں پر چھاپوں کی مذمت کرتے ہیں۔