شہدائے کربلا نے دین کی سربلندی کیلئے متحد ہونے کا درس دیا، پیر غلام محی الدین
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں دارہ) فیصل آباد میں شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیر غلام محی الدین شاہ نے کہا ہے کہ امام حسین علیہ السلام کی قربانی امت کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم حکمران اسلام دشمنوں کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے اسوئہ شبیریؑ کی پیروی کریں، حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپؑ کے خاندان کی قربانیاں امت کے لیے مشعل راہ ہیں، آپؑ نے جام شہادت نوش کر کے اسلام کی سربلندی اور رضائے الٰہی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا درس دیا۔ جڑانوالا ضلع فیصل آباد میں شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے خلاف منظم انداز میں ہونے والی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے مسلم حکمران کردار ادا کریں اور اسوئہ شبیریؑ کی پیروی کرتے ہوئے اسلام دشمن قوتوں کو نیست و نابود کر دیں۔ دوسری طرف جماعت اصلاح المسلمین کے زیراہتمام جامع مسجد فاطمۃ الزہرا علیہ السلام میں شہدائے کربلا کانفرنس منعقد ہوئی، جس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید شاہ نواز طاہری نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقاء نے جام شہادت نوش کر کے امت مسلمہ کو دین اسلام کی سربلندی کے لیے متحد ہونے کا درس دیا، موجودہ دور میں طاغوتی قوتوں کی سازشوں سے نمٹنے کے لیے شہدائے کربلا کی پیروی کرنی ہو گی۔