کسی تکفیری دہشتگرد گروہ کو پاکستان ہائی جیک نہیں کرنے دیں گے، عالمی جماعت اہلسنت
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)عالمی جماعت اہلسنت کی رابطہ کونسل کا اجلاس مرکز اہلسنت جامعہ حزب الاحناف داتا دربار روڈ لاہور میں ہوا۔ اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ کسی بھی تکفیری دہشتگرد تنظیم کو پاکستان ہائی جیک نہیں کرنے دینگے، عالمی تکفیری دہشتگرد گروہ داعش سمیت کوئی بھی تکفیری دہشتگرد تنظیم اسلام اور مسلمانوں کی نمائندہ نہیں، اسلام میں دہشتگردی اور شدت پسندی کی کوئی گنجائش نہیں، عالمی دہشتگرد گروہ داعش اسلام کو بدنام کرنے کیلئے اسلام دشمن قوتوں کا پیدا کردہ گروہ ہے، مسلم حکمران سفارتی سطح پردہشتگرد گروہ داعش کے خاتمے کیلئے عالمی سطح پر مہم چلائیں۔ اجلاس میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہونیوالی تکفیری دہشتگردی کی زبردست مذمت کی گئی اور ضرب عضب آپریشن میں شہید ہونیوالے پاک فوج کے جوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا جبکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عالمی جماعت اہلسنت کے زیراہتمام سانحہ پشاور کو سال مکمل ہونے پر 16 دسمبر کو آرمی پبلک سکول کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اس دن کو یوم شہداء کے طور پر منایا جائے گا۔ اس سلسلہ میں ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا اور نماز فجر کے بعد ملک بھر کی مساجد اور مدارس میں قرآن خوانی ہوگی۔
عالمی جماعت اہلسنت نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ پشاور 16 دسمبر کا دن سرکاری اور قومی دن کے طور پر منانے کا اہتمام کرے۔ اجلاس میں صحافیوں پر بڑھتے ہوئے دہشتگردی کے حملوں کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے حکمرانوں سے مطالبہ کیا گیا کہ حملہ کرنیوالوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، آزادیِ صحافت پر حملے قابل مذمت اور قابل نفرت ہیں، نیشنل ایکشن پلان کی مکمل حمایت اور ضرب عضب آپریشن کا دائرہ کار پورے ملک میں وسیع کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں جماعت کے مرکزی امیر مفتی سید مصطفی رضوی، مرکزی سیکرٹری جنرل پیر سید شاہد حسین گردیزی، صاحبزادہ سید مختار اشرف رضوی، علامہ پیر محمد عامر چشتی، مفتی غلام حسن، مولانا محمد آصف عطاری، مفتی محبت علی، علامہ مراد رضوی، چودھری محمد حسین، مولانا محمد بخش، مولانا محمد ندیم علوی، علامہ دلنواز، مولانا احمد یار نورانی، علامہ دین محمد اور دیگر نے شرکت کی