Uncategorized

بچے ہمارا مستقبل ہیں، حفاظت کیلئے ہر حد تک جائیں گے، امین وینس

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے قلعہ گجر سنگھ پولیس لائنز میں پرائیویٹ سکولوں کے سربراہان کے اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ لاہور پولیس معصوم بچوں اور ہمارے مستقبل کے دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے، آرمی پبلک سکول کے شہید بچوں کو سلام اور خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے بزدل دشمنوں کو جہاں بے نقاب کیا ہے وہیں پر پوری قوم کو متحد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول میں دہشتگردی کے واقعہ کی سالانہ تقریبات لاہور کے جن تعلیمی اداروں میں ہونے جا رہی ہیں ان کو فول پروف سکیورٹی فراہم کریں گے اور تعلیمی اداروں کے منتظمین کو مستقل بنیادوں پر کہا جا رہا ہے کہ حفاظتی اقدامات مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین بچوں کو تعلیمی اداروں میں بھیجتے ہیں تو منتظمین کو بھی چاہیے کہ وہ ان کو بے خوف و خطر ہو کر پڑھنے کا ماحول فراہم کریں، ہر سکول میں پینک بٹن لگوایا جائے اور دیئے گئے نمبر پر اپنی سم رجسٹرڈ کروائیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کے صورت میں مخصوص کوڈ کے ذریعے فوری طور پولیس کی مدد حاصل کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت حالت جنگ میں ہیں اورتکفیری دہشتگرد ہمارے مستقبل یعنی ہمارے بچوں پر حملہ کرنا چاہتے ہیں تو ہم لاہور پولیس کے تمام تر وسائل اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر دیں گے لیکن ان ناسورتکفیری درندوں کو کبھی بھی اپنے معصوم بچوں پر حملہ کرنے کا موقع نہیں دیں گے۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے اس موقع پر کہا کہ 16 دسمبر جہاں ہمیں سقوط ڈھاکہ کی یاد دلاتا ہے وہیں پر آرمی پبلک سکول میں معصوم بچوں کے بہائے جانیوالے ناحق خون کی یاد بھی تازہ کرتا ہے۔ اجلاس کا مقصد ہرگز آپ کو خوفزدہ کرنا نہیں بلکہ آپ کو ہمت اور دگنے جذبے کیساتھ اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کا پیغام دینا ہے اور یہ احساس دلانا ہے کہ آپ کی پولیس آپ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کسی بھی دہشتگرد کو معصوم بچوں پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اس موقع پر ایس پی ہیڈ کوارٹرز عمر سعید، ایس پی ماڈل ٹاؤن کیپٹن (ر) مستنصر فیروز، ایس پی مجاہد فورس کرار حسین اور 400 سے زائد سکولوں کے منتظمین بھی موجود تھے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button