Uncategorized

حساس اداروں کی کارروائی، لشکر جھنگوی کا سربراہ آصف چھوٹو ڈیرہ غازی خان سے گرفتار

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور حساس اداروں نے ڈی جی خان میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک عرصہ سے مطلوب، ملک میں دہشت گردی اور فرقہ وارانہ قتل و غارت کے ماسٹر مائنڈ اور کالعدم لشکر جھنگوی کے سربراہ آصف چھوٹو کو گرفتار کر لیا ہے۔ نجی نیوز چینل کے مطابق سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے ڈی جی خان میں کامیاب مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے آصف چھوٹو کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ یاد رہے کہ آصف چھوٹو کالعدم دہشت گرد تنظیم ’’لشکر جھنگوی ‘‘کا سربراہ ہے اور ملک میں دہشت گردی کے ہر بڑے سانحے کا ماسٹر مائنڈ سمجھا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ مظفر گڑھ کے علاقے دائرہ دین پناہ سے تعلق رکھنے والے خطرناک دہشت گرد ’’ آصف چھوٹو‘‘ کی گرفتاری کے حوالے سے اس سے قبل بھی متعدد بار خبریں آتی رہیں ہیں، جو بعد میں غلط ثابت ہوئیں۔ آصف چھوٹو ملک میں ہونے والے خودکش حملوں، ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری، ڈکیتی اور دہشت گردی کی بڑی وارداتوں میں حساس اداروں کو مطلوب تھا۔

دیگر ذرائع کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر میں دہشت گردی کی بڑی وارداتوں میں مطلوب دہشت گرد آصف چھوٹو کی گرفتاری ڈیرہ غازی خان سے عمل میں آئی۔ حساس اداروں نے گرفتاری کے بعد بدنام زمانہ دہشت گرد کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ آصف چھوٹو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل تھا۔ رضوان عرف ناصر عرف آصف چھوٹو کا تعلق مظفر گڑھ سے ہے۔ آصف چھوٹو نے انیس سو اٹھانوے میں کلفٹن برج پر کام کرنے والے دو ایرانی انجئنروں مرتضٰی اور فورمین انجینئر علی محمد کو اپنے دیگر چار ساتھیوں کے ساتھ مل کر ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا۔ آصف چھوٹو نے کلفٹن کے علاقے میں ہی ایم ڈی پی ایس او شوکت رضا کو بھی قتل کیا۔ آصٖف چھوٹو گروپ نے جمشید کواٹرز کے علاقے میں سابق جنرل موسٰی کے بیٹے اور اس وقت کے چیئرمین پی آئی اے کو بھی فائرنگ کرکے قتل کیا۔ آصٖف چھوٹو کے خلاف کراچی میں متعدد مقدمات درج ہیں، جس میں سے کسی ایک میں بھی گرفتار نہیں ہوسکا۔ آصف چھوٹو نے نوے کی دہائی میں کالعدم سپاہ صحابہ میں شمولیت اختیار کی۔ آصف چھوٹو کو پہلے کالعدم لشکر جھنگوی کراچی کا امیر بنایا گیا۔ ملک اسحاق کی ہلاکت کے بعد آصف چھوٹو کو کالعدم لشکر جھنگوی کا امیر مقرر کیا گیا۔ آصف چھوٹو کی زندہ یا مردہ گرفتاری پر حکومت نے ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کر رکھا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button