سانحہ گلشن اقبال لاہور کے خلاف کراچی میں علمائے کرام کی احتجاجی ریلی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ہیئت آئمہ مساجد و علماء امامیہ کے تحت سانحہ لاہور کے متاثرین سے یکجہتی کیلئے احتجاجی ریلی سولجر بازار سے نکالی گئی جو نمائش چورنگی پر اختتام پذیر ہوئی، جس سے خطاب کے دوران علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ دہشت گردوں اور تکفیریوں نے پوری دنیا میں مسلمانوں کو نقصان پہنچایا اور آج بھی یہی گروہ وطن عزیز میں دہشت گردی کررہے ہیں لیکن اسلام دشمن قوتیں سمجھ لیں کہ مسلمان ختم نہیں ہوسکتے اور نہ ہی پاکستان کو کوئی نقصان پہنچے گا، سانحہ لاہور ہو یا کوئی اور واقعہ پاکستانی قوم کے حوصلے بلند ہیں اور ہم پوری طرح دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ اس موقع پر مولانا شیخ محمد حسن صلاح الدین، مولانا محمد حسین رئیسی، مولانا نعیم الحسن الحسینی، مولانا یعقوب حسن منتظری اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ سانحہ لاہور کے ملزمان فوراً گرفتار کئے جائیں اور حکومت اس سازش کو بے نقاب کرے۔ احتجاجی ریلی میں قومی و ملی شخصیات کے علاوہ کثیر تعداد میں آئمہ مساجد، علماء، دانشور، خطباء، واعظین اور ماتمی انجمنوں کے نمائندگان کے علاوہ اسکاؤٹس گروپس کے اراکین کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔