امجد صابری قتل کیس، کراچی پولیس کا تفتیش کا دائرہ کار وسیع کرنیکا فیصلہ
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) کراچی: پولیس نے امجد صابری قتل كیس كی تحقیقات كا دائر وسیع كرنے كیلئے جیل میں قید ملزمان سے تحقیقات كیلئے عدالت سے رجوع كرلیا۔ تفصیلات کے مطابق امجد صابری قتل كیس كی تحقیقات كا دائر وسیع كرنے كیلئے تفتیشی افسر نے اسپیشل پبلک پراسیكیوٹر كے توسط سے جیل میں قید سیاسی جماعت كے كاركن عبداﷲ عرف دانس سے تحقیقات كرنے كیلئے انچارج جج ڈسٹركٹ اینڈ سیشن جج غربی كی عدالت میں درخواست دائر كر دی، جس میں مؤقف اختیار كیا گیا كہ ملزم كو سائٹ اے پولیس نے موٹر سائیكل لفٹنگ كیس میں گرفتار كیا تھا، جو كہ جیل میں پابند سلاسل ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ امجد صابری قتل كیس كی تحقیقات كیلئے متعلقہ ماتحت عدالت سے رجوع كیا تھا، تاہم فاضل عدالت نے سیشن عدالت سے رجوع كرنے كی ہدایت كی تھی، درخواست میں ملزم سے تحقیقات كرنے كیلئے این او سی دینے كی استدعا كی گئی ہے، جبکہ فاضل عدالت نے نوٹس جاری كرتے ہوئے سركار كو طلب کرلیا۔