سید محمد دہلوی نے شیعہ حقوق کیلئے سب سے پہلے آواز بلند کی، سبطین سبزواری
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)شیعہ علما کونسل کے زیراہتمام اول قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید محمد دہلوی کی برسی منائی گئی۔ دفاتر میں مرحوم کیلئے فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی کی گئی۔
زرائع کے مطابق علامہ ساجد علی نقوی کی لاہور میں واقع رہائش گاہ پر برسی سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا کہ مرحوم سید محمد دہلوی نے شیعہ حقوق کیلئے پاکستان میں جدوجہد کی بنیاد رکھی، وہ تقسیم برصغیر کے بعد بھارت سے ہجرت کرکے کراچی آئے اور شیعیان حیدر کرار کی قیادت کی، وہ بہترین مقرر اور نڈر رہنما تھے جنہوں نے جدوجہد کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ علامہ ساجد علی نقوی نے سید محمد دہلوی، علامہ مفتی جعفر حسین مرحوم اور شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی پالیسیوں کو نہ صرف جاری رکھا بلکہ ان کے ساتھی رہے، ہم عہد کرتے ہیں کہ قائدین ملت جعفریہ کی جدوجہد کو جاری رکھیں گے، تینوں قائدین کی صفات علامہ ساجد علی نقوی میں پائی جاتی ہیں، جنہوں نے پاکستان میں اتحاد بین المسلمین کی فضا کو قائم رکھنے کیلئے ایسا کردار ادا کیا کہ دہشتگرد اور تکفیری گروہ حرف غلط کی طرح مٹ گئے، انشااللہ ایک دن ان کی باقیات بھی ختم ہو جائیں گی اور پاکستان امن کا گہوارہ بنے گا۔ ان کا کہنا تھاکہ تحریک جعفریہ قائدین کی میراث ہے، جس پر حکومت نے سپریم کورٹ کے پابندی ہٹانے کے فیصلے کے باوجود ابھی پرویز مشرف کے آمرانہ دور کے نوٹیفیکیشن کو واپس نہیں لیا گیا۔