Uncategorized

وزیراعلی سندھ نے پولیس کو جدید اسلحہ سے لیس کرنے کی منظوری دے دی

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیس کو جدید اسلحہ سے لیس کرنے کی منظوری اورکراچی میں موٹر سائیکل سواروں کے لئے ہیلمٹ پہننے کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ کراچی میں نجی گاڑیوں میں ہوٹر، پولیس لائٹس لگی گاڑی مالکان کے خلاف کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا، وزیر اعلی نے ون وہیلنگ اور مرکزی شاہراہوں پر کرتب دکھانے والوں کے خلاف کارروائی کی بھی ہدایت کی ہے۔

زرائع کے مطابق وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں نیو سندھ سیکرٹریٹ میں محکمہ پولیس کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی ،سیکریٹری داخلہ اور دیگر شریک ہوئے۔ وزیر اعلی نے موٹر سائیکل ون وہیلنگ اور مرکزی شاہراہوں پر کرتب دکھانے والوں کے خلاف کارروائی اورموٹر سائیکل سواروں کے لئے ہیلمٹ کی پابندی پرعمل درآمد کرانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں نجی گاڑیوں میں ہوٹر، پولیس لائٹس لگی گاڑی مالکان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلی نے آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی اور کہا کہ آگاہی مہم کے بعد کارروائی کی جائے۔ اجلاس میں پولیس ٹریننگ سینٹر کو اسٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

شرکائے اجلاس نے پولیس کو جدید اسلحہ دینے کی منظوری دی جبکہ پولیس کو جدید ہتھیار، گاڑیاں فراہم کرنے اور سی سی ٹی وی کیمروں کی فنڈنگ اور بکتر بند گاڑیوں کی خریداری پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ موٹر سائیکل سواروں کے لئے ہیلمٹ پہننے کے قانون پرسختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور ہیلمٹ کا اطلاق موٹر سائیکل پر سوار بچوں اور خواتین پر بھی عائد کیا جائے۔ وزیر اعلی سندھ نے پرائیویٹ گاڑیوں پر لگے ہوٹرز اور پولیس لائٹس لگانے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام قوانین سے پہلے عوام کو آگاہی اور ہدایت دی جائیں اور اس کے بعد اس پر سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے احکامات جاری کئے کہ سندھ کے تمام پولیس ٹریننگ سنٹرز کو جدید ترین سہولیات سے آراستہ کیا جائے اور پہلے مرحلے میں شہداد پور، سعید آباد اور رزاق آباد کے سینٹرز کو اپ گریڈ کیا جائے۔ مراد علی شاہ نے صوبے کی پولیس کو جدید اسلحہ فراہم کرنے کی بھی منظوری دے دی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button