بعض ممالک پاکستان میں فرقہ وارانہ خانہ جنگی کی سازش کر رہے ہیں، اہل حق فرقہ وارانہ لڑائی نہیں ہونے دیں گے
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل ہوتا تو سانحہ درگاہ شاہ نورانی نہ ہوتا، درگاہ شاہ نورانی پر بہنے والے خون کے ذمہ دار حکمران ہیں، پنجاب حکومت عرس داتا گنج بخش پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرے، حکمرانوں کے اثاثے بڑھ رہے ہیں اور عزت گھٹ رہی ہے، سی پیک منصوبے پر سیاست نہیں ہونی چاہیئے، بعض ممالک پاکستان میں فرقہ وارانہ خانہ جنگی حالات کی سازش کر رہے ہیں، اہل حق فرقہ وارانہ لڑائی نہیں ہونے دیں گے، امن پسند قوتیں متحد ہو جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ فیصل آباد میں سنی اتحاد کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ مائنس ون نہ ہوا تو مائنس آل ہو سکتا ہے، نواز شریف کی سیاست کا واحد ایجنڈا مال بنانا ہے، نااہل حکمران عوام کی خوشی اور خوشحالی کے دشمن ہیں، دو نمبر لوگوں نے سیاست اور حکومت پر قبضہ کر رکھا ہے، کرپشن فری پاکستان کیلئے کرپٹ افراد کو سیاست بدر کرنا ہوگا۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ مسلم ملک کو ایک دوسرے سے لڑانے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، حکومت پانامہ لیکس پر عدالتی کاروائی کو سست روی کا شکار کرنا چاہتی ہے، شریف برادران نے سیاست کو مفادات کا کھیل بنا دیا ہے، سانحہ درگاہ شاہ نورانی میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کیلئے تمام حکومتی وسائل اور ذرائع استعمال میں لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان کے ذریعے بلوچستان میں مداخلت کر رہا ہے، بھارت سے گوادر پورٹ اور سی پیک ہضم نہیں ہو رہا۔