پاراچنار دھماکے نے آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کو بے نقاب کردیا ہے، یعقوب شہباز
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) شیعہ علماء کونسل پاکستان سندھ کے صوبائی دفتر میں سانحہ پاراچنار سبزی منڈی میں شہید ہونے والے افراد کے لئے دعائے مغفرت کی گئی جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے خصوصی دعا کی گئی جس میں کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایس یو سی سندھ کے نائب صدر و پولیٹیکل سیکریٹری محمد یعقوب شہباز نے پاراچنار میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے اس دہشت گردی کو ملک اور اسلام دشمنوں کی کارروائی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ سب سے حیرانگی کی بات یہ ہے کہ پاراچنار میں حملے سے پہلے انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے لائنس یافتہ اسلحہ جمع کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ انتظامیہ دہشت گردوں سے رابطے میں ہے، دہشت گردی کے واقعات نے ضرب عضب آپریشن اور نیشنل ایکشن پلان کو بے نقاب کردیا ہے، ریاستی اداروں کو واضح کرنا چاہیئے کہ درجنوں ایجنسیوں کی موجودگی اور ٹائٹ سکیورٹی کے دعووں کے باوجود دہشت گردی کی کارروائی پاراچنار میں کیسے ہوئی، معصوم اور غریب شہریوں کو نشانہ بنانا ظلم اور بربریت ہے۔
یعقوب شہباز کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیئے کہ دہشت گردی کو اب جڑ سے ختم کرنے کے لئے مستقل بنیادوں پر اقدام کرے، پاراچنار میں درجنوں افراد کو شہید کرنے والے کالعدم دہشت گرد جماعت کے دہشت گرد آزادنہ اعلان کر رہے ہیں کہ یہ دھماکا ہم نے کیا ہے، اگر ان ناسوروں کا خاتمہ نہیں کیا گیا تو اس ملک کا کوئی شہری ان درندوں سے محفوظ نہیں رہے گا، یہ بھی ایک سوالیہ نشان ہے کہ ان دہشت گردوں کا نیٹ ورک ابھی تک کیوں نہیں توڑا جاسکا، دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب دوہرے معیار کے باعث اپنی افادیت کھو رہا ہے، حکومت طالبان دہشت گردوں اور کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف آپریشن کرے، بصورت دیگر ملک میں امن کا قیام محض خواب بنا رہے گا۔