نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں سب سے بڑی رکاوٹ چودھری نثار ہیں، مخدوم احمد محمود
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) لاہور میں پارٹی رہنماؤں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ داعش پوری دنیا کیلئے خطرہ بن چکی ہے سب کو مل کر خاتمہ کرنا ہوگا، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں سب سے بڑی رکاوٹ چودھری نثار ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اپنے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کے سامنے بے بس ہیں بہتر یہی ہوگا کہ ن لیگ انتہا پسندی دہشتگردی پر یکساں موقف اپنائے، دہشتگردی نے پاکستان کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی بہتر حکمت عملی اور پالیسیوں کے باعث پیپلز پارٹی پنجاب میں ایک بار پھر مضبوط اور منظم ہورہی ہے، پیپلز پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جس کی جڑیں چاروں صوبوں میں موجود ہیں جس پر مسلم لیگ ن پریشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو پبپلز پارٹی کا گڑھ بنائیں گے ہر گھر اور گلی میں پارٹی جھنڈا لہرائیں گے، شہید بھٹو، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے ویژن کے مطابق عوام کی فلاح بہبود کیلئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں کام جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے شہید بی بی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مفاہمت کی پالیسی کے ذریعے ملک کو سیاسی خلفشار سے بچایا لیکن موجودہ حکمرانوں نے ماضی سے سبق حاصل کرنے کے بجائے اپنی غلط پالیسیوں سے ملک کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب کو جرائم پیشہ لوگوں کیلئے محفوظ پناہ گاہ بنا کر آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کے نام پر عوام کی جیبوں پر ڈاکہ اور میگا پراجیکٹس کی آڑ میں ذاتی کاروبار کو وسعت چہتے عناصر کو نوازنے سمیت ملک و قوم کو مقروض بنانے جیسی پالیسیوں میں مصروف عمل ہیں، ملک میں ذخیرہ اندوز مافیا چھایا ہوا ہے، قیمتیں کیسے کنٹرول ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تخت لاہور کے شہزادوں نے غربت مہنگائی جہالت اور اندھیروں میں اضافہ کرکے عوام کی زندگیاں اجیرن بنا دیں ان کی آمرانہ سوچ اور انتقامی کارروائیوں کے باعث آج ہر طبقہ ہر سڑکوں پر احتجاج کر رہا ہے۔