آپریشن ردالفساد سے شرپسندوں کوان کے انجام تک پہنچائیں گے: آرمی چیف
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) آرمی چیف نے ایک بار پھر پاک فوج کے جوانوں اور افسروں کی امن کے لئے جدوجہد کا خیرمقدم کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ آپریشن ردالفساد سے شرپسندوں کو ان کے انجام تک پہنچائیں گے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملتان گریژن کا دورہ کیا۔ آرمی چیف کو پاک فوج کی آپریشن کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے مردم شماری کے لئے پاک فوج کی تیاریوں کا معائنہ کیا اور پاک فوج کی پیشہ وارانہ تیاریوں کی تعریف کی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ مردم شماری اہم قومی سرگرمی ہے۔ پاک فوج مردم شماری کے لئے مکمل تعاون کرے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مظفر گڑھ فیلڈ فائرنگ رینج میں پاک فوج کی جنگی تربیتی مشقوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے روایتی اور غیر روایتی آپریشنز کے لئے پاک فوج کی صلاحیتوں کو سراہا۔ ملتان کور پہنچے پر کور کمانڈر ملتان لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ انسپکٹر جنرل ٹریننگ لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان بھی اس موقع پر آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔