آپریشن ردالفساد، فوجی عدالتوں اور فاٹا ریفارمز جیسے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہیں، ایم ڈبلیو ایم سندھ
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری سیاسیات سید علی حسین نقوی نے کہا ہے کہ باہمی اتفاق و اتحاد اور خوف کی فضاء توڑنے سے دہشتگردی کو شکست دی جا سکتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی پولٹیکل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علی حسین نقوی نے کہا کہ اس وقت دشمن مختلف طریقوں سے قوم کو تقسیم کرنے پر تلا ہوا ہے، کبھی فرقہ واریت کے ذریعے اور کبھی لسانیت کی بنیاد پر، ہمیں ان تمام چیزوں کا ادراک کرنا ہوگا اور دشمن کو پہچاننا ہوگا۔
آپریشن ردالفساد کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہم اس کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، اس کے ذریعے دہشتگردی اور تکفریت کو منطقی انجام تک پہنچانے کی امید رکھتے ہیں، یہ بھی امید کرتے ہیں کہ اچھے اور برے دہشتگردوں کی تمیز کو بالائے طاق رکھ کر آپریشن کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت دہشتگرد عناصر کو جڑ سے اکھاڑنے کا وقت ہے، ملکی حالات اس وقت اختلافات کے متقاضی نہیں ہیں، سیاسی اختلافات اپنی جگہ قائم دائم رہیں گے، لیکن ہم آپریشن ردالفساد، فوجی عدالتوں کی بحالی اور فاٹا ریفارمز کے حوالے سے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہیں۔