مردم شماری پر تحفظات، ناصر شیرازی کاچیف بیورو آف شماریات سے رابطہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شہر قائد کراچی کے مخصوص علاقوں میں مکتب تشیع سے تعلق رکھنے والے شہریوں سے مردم شماری کے دوران عملے کی جانب سے مسلک کے بارے میں پوچھے جانے سوال پر ملت تشیع میں سخت تشویش پائی جا رہی ہے۔
اس صورتحال پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی نے چیف بیورو آف شماریات عاصم باجوہ اور سیکریٹری شماریات ڈاکٹر شجاعت سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے اور انہیں اپنی تشویش سے آگاہ کیا ہے۔
ناصرعباس شیرازی نے اس جانب توجہ مبذول کرائی کہ شہر قائد کے کئی علاقوں میں شیعہ شہریوں سے ان کے مسلک کے بارے میں دریافت کیا گیا ہے جس پر مجلس وحدت مسلمین کے خدشات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب مسلک کا خانہ مردم شماری کے فارم میں شامل ہی نہیں تو پھر عملے کی جانب سے اس سوال پر اسرار کیوں کیا جا رہا ہے؟۔ اس پر سیکرٹری شماریات ڈاکٹر شجاعت اور چیف آف بیورو شماریات عاصم باجوہ نے ناصر شیرازی کو جواب دیا کہ مردم شماری کے فارم میں ایسا کوئی سوال شامل نہیں کیا گیا لہذا بیورو آف شماریات ان شکایات کا الزالہ کرے گا، شعبہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ فارم میں مسلکی شناخت کے حوالے سے کوئی خانہ شامل نہیں، نہ ہی عملے کو دی جانے والی تربیت میں ایسی کوئی بات کہی گئی ہے، اس حوالے سے شکایات جمع کرائیں ہم فوری نوٹس لیں گے۔
عاصم باجوہ نے ناصر شیرازی کو یقین دہانی کروائی کہ وہ اس صورتحال کو رکوائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے عمل میں درپیش مشکلات یا شکایات کی صورت میں درج زیل فون نمبر پر فوری رابطہ کیا جاسکتا ہے، یہ نمبر 57574-0800 چوبیس گھنٹے کام کر رہا ہے۔