Uncategorized

امید ہے کہ دہشتگردوں کیخلاف پورے سندھ میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائیگا، علامہ ناظر تقوی

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی نے کہا ہے کہ گزشتہ رات کراچی میں ریڈ زون کے قریب اردو بازار میں دہشتگردوں کا اتنا منظم نیٹ ورک کا موجود ہونا حکومتی کارکردگی پر کئی سوالیہ نشان چھوڑ گیا، ہم گزشتہ کئی سالوں سے حکومت اور انتظامیہ کو متوجہ کر رہے ہیں کہ اب تک شہر کراچی میں دہشتگردوں کا ایک وسیع نیٹ ورک موجود ہے، جو کراچی میں وقفے وقفے سے دہشتگردی کی کاروائیاں کر رہا ہے، تاکہ کراچی میں قائم ہونے والے امن کو خراب کیا جا سکے، لہٰذا جب تک کراچی میں جاری آپریشن کو اپنے منطقی انجام تک نہیں پہنچایا جاتا، اُس وقت تک آپریشن کا سلسلہ جاری رہنا چاہیئے۔ اپنے ایک بیان میں علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ سندھ رینجرز کی بروقت کارروائی نے شہر کراچی کو ایک بار پھر بڑے سانحے سے بچا لیا، جس پر ہم ڈی جی رینجرز سندھ اور اُن کے جوانوں کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔

علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ سندھ میں دہشتگردی کے شدید خطرات موجود ہیں اور کئی اضلاع میں دہشتگردوں کا نیٹ ورک موجود ہے، سانحہ جیکب آباد، سانحہ شکارپور اور سانحہ سہون کے واقعات کے بعد آج لاڑکانہ سے پکڑے جانے والے دہشتگرد اس بات کی دلیل ہیں کہ کراچی آپریشن کے بعد دہشتگردوں نے اندرون سندھ میں اپنے نیٹ ورک کو منظم کرنا شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو چاہیئے کہ وہ رینجرز کو پورے سندھ میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کا اختیار دے، تاکہ سندھ امن و امان کا گہوارہ بن سکے۔ صوبائی صدر نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ دہشتگردوں کے خلاف پورے سندھ میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے گا۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button