ناصر شیرازی سے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی ملاقات
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین کے رہنما سید ناصر عباس شیرازی سے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے فیصل آباد میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں صاحبزادہ حامد رضا نے ناصر شیرازی کی مزاج پرسی کی اور اغواء کے حوالے سے تفصیلات حاصل کیں۔
ذرائع کے مطابق ناصر شیرازی نے انہیں اغواء کرنیوالوں کے حوالے سے آگاہ کیا کہ وہ انہیں نہیں جانتے کہ وہ کون لوگ تھے۔ صاحبزادہ حامد رضا کے مطابق ناصر شیرازی کو علم نہیں ہو سکا کہ انہیں اغواء کرنیوالے کون لوگ تھے۔ ملاقات کے بعد دونوں اسلام آباد روانہ ہو گئے ہیں جہاں دونوں رہنما اہم شخصیات سے ملاقات کریں گے۔ یاد رہے کہ ناصر عباس شیرازی کو یکم نومبر کو لاہور کے علاقے واپڈا ٹاؤن سے اغوا کیا گیا تھا۔ ایک ماہ کی جبری قید کے بعد انہیں گزشتہ شب رہا کر دیا گیا۔ ناصر شیرازی کے اغواء کیخلاف ایم ڈبلیو ایم نے 10 دسمبر کو دھرنے کا اعلان کر رکھا تھا۔