رضی عباس شمسی کی گمشدگی سکیورٹی اداروں کیلئے سوالیہ نشان ہے، صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جمعیت علماء پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے امامیہ آرگنائزیشن کے مرکزی رہنما سید رضی عباس شمسی کے اہلخانہ سے لاہور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی بھی موجود تھے۔ صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے امامیہ آرگنائزیشن کے مرکزی رہنما سید رضی عباس شمسی کے اغواء اور گمشدگی پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً ایک ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود ابھی تک ان کا سراغ نہیں مل سکا اور حکومتی ادارے ان کو بازیاب کرانے میں ناکام رہے ہیں، یہ حکومتی اداروں کی ناکامی کی واضح دلیل ہے اور امن و امان کے قیام اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے حکومت کی کارکردگی پر یہ سوالیہ نشان ہے۔
انہوں کہا کہ جس حکومت کے دور میں ایس پی طاہر اغواء ہو کر افغانستان پہنچا دیا جائے اور اور ننگر ہار سے اس کی لاش ملے، اس حکومت سے کیا امید کی جا سکتی ہے کہ وہ سید رضی عباس شمسی کو بازیاب کرا سکے گی؟ انہوں نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ سوموٹو ایکشن لیکر سید رضی عباس شمسی کی بازیابی کیلئے احکامات صادر کریں۔