آئی ایس او کی لاہور میں مردہ باد امریکہ احتجاجی ریلی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور کے زیراہتمام پریس کلب لاہور سے امریکی قونصلیٹ تک یوم مردہ باد امریکہ کی مناسبت سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جنرل سیکرٹری عارف حسین نے کہا کہ امریکی پالیسیوں سے عالمی امن کو خطرہ ہے، اقوام عالم پر مسلط کردہ امریکی جنگوں کی ایک طویل فہرست ہے، جن میں کئے گئے مظالم پر انسانیت آج بھی شرمندہ ہے۔ دوسری جنگ عظیم میں جاپانی شہروں پر امریکی ایٹمی حملے آج بھی انسانیت کیخلاف امریکی عزائم کا منہ بولتا ثبوت ہے جبکہ امریکی فضائیہ کی جانب سے ویتنام جنگ کے دوران برسائے جانیوالے کیمیائی بموں کے مہلک اثرات آج بھی پائے جاتے ہیں۔ فلسطینی مسلمانوں پر کئے جانیوالے اسرائیل مظالم میں بھی امریکہ برابر کا شریک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید قائد علامہ عارف الحسین الحسینی کی ہدایت پر ہر سال یوم مردہ باد امریکہ منایا جاتا ہے، جس میں ملک بھر میں نوجوانان امامیہ، شیطان عصر امریکہ اور اس کے گماشتے اسرائیل کیخلاف سراپا احتجاج ہوتے ہیں۔ عارف حسین کا کہنا تھا کہ یوم مردہ باد امریکہ یعنی امریکی سامراج کیخلاف صدائے احتجاج، دنیا کے تمام محروموں کا ساتھ دینا، فلسطینی کاز کو فلسطینیوں کی آرا کے متعلق حل کرنے کا نعرہ اور ظالم طاقتوں کیخلاف سیسہ پلائی دیوار کا دن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امسال ماہ رمضان کے آخری جمعہ کو ہر سال کی طرح عالمی یوم القدس کے تحت پاکستان بھر میں القدس ریلیوں کا انعقاد کرکے فلسطین کاز کی بھرپور حمایت کی جائے گی، ان شا اللہ یوم القدس فلسطینیوں کیلئے روز مبین ثابت ہوگا۔
لاہور کے ڈویژنل صدر ڈاکٹر علی رضا کا کہنا تھا کہ دنیا میں ہونے والے تمام فسادات کی جڑ امریکہ ہے اور اسرائیل اس کا ثمر ہے، اسرائیل کے ناپاک وجود سے عالم اسلام کے قلب میں خنجر گھونپا گیا۔ 14 مئی 1948 کو فلسطین کی مقدس سرزمین پر برطانیہ کی مدد سے صیہونی طاقتوں نے اسرائیل پر قبضہ مسلط کیا اور اس کے 2 دن بعد ہی 16 مئی کو امریکہ نے اس قبضہ کو تسلیم کیا اور اسرائیل کا معترف ہوا۔ مظاہرہ میں خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر احتجاجی شعار درج تھے۔