محسن ملت مولانا صفدر حسین نجفی کی 25ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے بانی صدر اور جامعتہ المنتظر کے سابق پرنسپل محسن ملت مولانا سید صفدر حسین نجفی مرحوم کی 25ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ مختلف مدارس دینیہ میں قرآن و حدیث اور تعلیمات اہل بیت ؑکے فروغ کیلئے کام کرنیوالے بزرگ عالم دین کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی محافل کا اہتمام کیا گیا اور ان کی خدمات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ جامعتہ المنتظر میں ان کے مدفن مبارک پر علما، طلبا اور نمازیوں نے حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کے بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے کہا ہے کہ محسن ملت مولانا سید صفدر حسین نجفی 3 دسمبر 1989 کو دار فانی سے کوچ کر گئے تھے۔ ان کی دینی اور قومی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے نہ صرف شیعہ سنی اتحاد بلکہ ملت جعفریہ کے درمیان اتحاد کیلئے بھی گراں قدر خدمات سرانجام دیں، وہ بانی انقلاب اسلامی ایران امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ کو پیرس میں جلاوطنی کے دوران پاکستان آنے کی دعوت دینے والے پہلے پاکستانی عالم دین تھے۔ انقلاب اسلامی اور امام خمینی کی مرجعیت کو پاکستان میں مولانا صفدر نجفی مرحوم نے ہی متعارف کروایا۔ ان کے رسالہ عملیہ توضیح المسائل کا اردو ترجمہ کیا۔ ان کے پاکستان میں وکیل بھی تھے۔ مرحوم نے 27 جلدوں پر مشتمل شہرہ آفاق تفسیرنمونہ، تفسیر موضوعی کی چھ جلدوں کے اردو ترجمے کے علاوہ مرحوم چالیس سے زائد کتب کے منصف بھی تھے۔ 1979ء اور 1980ء کے عشرہ کے اوائل میں حکومت پاکستان کے ساتھ 50 سے زائد میٹینگز میں شرکت کے بعد وزارت تعلیم سے "وفاق المدارس الشیعہ پاکستان” کے منظور کرانے میں مولانا صفدر حسین نجفی مرحوم کا بنیادی کردار ہے۔ یہ وفاق المدارس میٹرک سے ایم اے عربی، اسلامیات کے امتحان لینے اور سند کے اجراء کا بااختیار ادارہ ہے، جس سے ملک بھر کے سینکڑوں شیعہ دینی مدارس ملحق ہیں۔ انہوں نے پاکستان بھر میں علما کیساتھ مل کر دینی مدارس اور مساجد کے قیام کو یقینی بنایا۔ جن میں چالیس سے زائد مدارس دینیہ کے وہ خود بانی تھے۔