خانپور، حسینی فائونڈیشن کے زیراہتمام 50 جوڑوں کی اجتماعی شادیاں، سیاسی و مذہبی رہنمائوں کی شرکت
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اسسٹنٹ کمشنر خانپور فاروق قمر کمبوہ نے کہا ہے کہ جہیز کے ذریعے ضرورت مند لوگوں کے گھر بسانا عظیم نیکی ہے، جامعہ علی اکبر اور حسینی فانڈیشن کے زیراہتمام مقامی میرج ہال میں 50 جوڑوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ علی اکبر کے مہتمم حاجی حبیب اللہ کھرل کی اسی قسم کی سماجی خدمات قابل تعریف ہیں، وہ ایک عظیم مذہبی رہنما ہیں، جنہوں نے امن و امان کے حوالے سے بے مثال خدمات انجام دی ہیں، وہ خان پور کا قیمتی سرمایہ ہیں، شیعہ علماء کونسل کے صوبائی صدر موسیٰ رضا جسکانی نے کہا کہ ہم فرقوں کے قائل نہیں بلکہ مسالک کو تسلیم کرتے ہیں، کیونکہ مسالک مل کر ایک خوبصورت گلدستہ بنتے ہیں، پوری امت مسلمہ کا مرکز صرف ایک ہے، ہمیں باہمی محبت اور بھائی چارے کو مضبوط بنا کر انسانیت کی خدمت کرنی چاہئے اور دین کی تبلیغ واشاعت کے لئے کام کرنا چاہئے۔
تقریب کے میزبان حاجی حبیب اللہ کھرل نے کہا کہ دُکھی اور ضرورت مند افراد کی خدمت میری زندگی کا مشن ہے، شہر کی تعمیر و ترقی اور امن و امان کے قیام کے لئے مل کر کام کرتے رہیں گے، چیئرمین میونسپل کمیٹی میاں شہزاد انور، وائس چیئرمین ندیم اقبال رحمانی، سابق ضلعی چیئرمین زکوٰة و عشر کمیٹی خواجہ محمد ادریس ایڈووکیٹ، صدر مرکزی انجمن تاجران حاجی مقبول احمد بھٹی، چیئرمین اجالا ویلفیئر گروپ محمد اشرف مغل، ایس ایچ او سٹی شبیر احمد جھورڑ، ایس ایچ او صدر چوہدری اظہر اقبال نے شادیوں کی تقریب کے انعقاد پر حاجی حبیب اللہ کھرل کو خراج تحسین پیش کیا اور شادی کرنے والے جوڑوں کو مبارک باد دی۔ خطیب مرکزی جامع مسجد THQحافظ ارشاد احمد نے سنی جوڑوں اور پرنسپل دربار حسین ٹرسٹ مولانا طارق حبیب کھرل نے شیعہ جوڑوں کے نکاح پڑھائے۔