کراچی میں رینجرز کا ٹارگیٹڈ آپریشن، کالعدم تنظیموں کے 6 کارکنوں سمیت 22 ملزمان گرفتار
شیعہ نیوز (کراچی) رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگیٹڈ سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں کے 6 کارکنوں سمیت 22 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے بریگیڈیئر حامد کا کہنا تھا کہ رینجرز نے مصدقہ خفیہ اطلاع پر سائٹ، میٹرویل اور گرد و نواح کے علاقوں میں ٹارگیٹڈ سرچ آپریشن کرکے کالعدم شدت پسند تنظیموں کے 6 اہلکاروں سمیت بھتہ خوری اور دیگر جرائم میں ملوث 22 ملزمان کو گرفتار کر کے ان قبضے سے جدید اسلحہ سمیت مختلف قسم کے 55 ہتھیار بھی برآمد کر لئے، آپریشن میں خواتین اہلکاروں سمیت رینجرز کے ایک ہزار جوانوں اور سراغ رساں کتوں نے بھی حصہ لیا، آپریشن کے دوران ڈھائی کلومیٹر کے علاقے کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی بھی لی گئی۔
بریگیڈیئرحامد کا کہنا تھا کہ سندھ رینجرز، پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں پر حملوں کے باوجود جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن جاری رکھیں گے، کراچی میں جہاں بھی جرائم پیشہ افراد ہوں گے ان کے خلاف آپریشن کیا جائے گا اور شہر کو دوبارہ سے روشنیوں کا شہر بنایا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار کئے گئے تمام افراد سے تفتیش کی جائے گی جس سے جرائم پیشہ گروہوں کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔