شیعہ ٹارگٹ کلنگ نیشنل ایکشن پلان کی ناکامی ہے، سبطین سبزواری
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے ڈیرہ اسمٰعیل خان میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ میں شاہد عباس شیرازی ایڈووکیٹ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اسے حکومت اور نیشنل ایکشن پلان کی ناکامی قرار دیا ہے۔
زرائع کے مطابق لاہور میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیعہ علما کونسل پنجاب اور اسلامی تحریک کے صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری کا کہنا تھا کہ فوج کی زیرنگرانی میں ضرب عضب آپریشن جاری ہے، جس کے اچھے اثرات بھی مرتب ہوئے ہیں مگر ڈی آئی خان میں دہشتگردی کے واقعات کا جاری رہنا اور عوام میں خوف و ہراس کا پایا جانا، فوج اور سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضرب عضب آپریشن اور نیشنل ایکشن پلان کو اپنی جزئیات کیساتھ نافذ ہونا چاہیے مگر دیکھا گیا ہے کہ مکتب اہلبیت کے پیروکاروں کو 3 دہائیوں سے قتل و غارت گری کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، مگر کوئی سد باب نہیں ہوا، حکومت اور ریاستی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ تکفیری دہشتگردوں کیخلاف موثر کارروائی کے بغیر امن و امان کا قیام ممکن نہیں، ملت جعفریہ نے ہمیشہ تحمل اور بردباری سے حالات کا مقابلہ کیا ہے، کبھی ملکی سلامتی کیلئے مسئلہ پیدا نہیں کیا، ریاستی اداروں کو ابھی اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہئے، ہم کب تک لاشین اٹھاتے رہیں گے۔