کالعدم جماعتوں کو سیاسی دھارے میں شامل کرنا ملک کو مزید تباہی سے دوچار کرنے کے مترادف ہے، علامہ مختار امامی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار احمد امامی نے کہا ہے کہ بیرونی ایما پر ملک کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، عالمی سطح پر اس تاثر کو دانستہ طور پر تقویت دی جا رہی ہے کہ پاکستان میں انتہاپسند جماعتوں کو عوامی تائید حاصل ہے اور پاکستان کی عوام تکفیری گروہوں کی حامی ہے، دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ ثابت کرنے کی اس کوشش کو ناکام بنانے کیلئے تمام معتدل سیاسی و مذہبی قوتوں کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔ اپنے ایک بیان میں علامہ مختار امامی نے کہا کہ کالعدم جماعتوں کے سرگرم اراکین کو سیاسی دھارے میں شامل کرنے کیلئے مواقع فراہم کرنا ملک کو مزید تباہی سے دوچار کرنے کے مترادف ہے، قومی سلامتی کے تمام ادارے اس بات سے باخبر ہیں کہ جھنگ کے حالیہ الیکشن میں کامیاب کرایا جانے والا شخص کس کالعدم جماعت کا سرغنہ ہے، کالعدم جماعت لشکر جھنگوی ملک میں دہشت گردی کی ہونے والی متعدد کارروائیوں میں ملوث ہونے کا خود اعتراف کر چکی ہے۔
علامہ مختار امامی نے کہا کہ داعش اور طالبان کے کھلم کھلے حامی شخص کی جیت انتہا پسند قوتوں کی حوصلہ افزائی اور دہشت گردی میں اضافے کا باعث بنے گی، ایسی دہشتگرد جماعت کے خلاف ملک بھر میں آپریشن کرکے اس کی جڑوں کو ختم کرنے کے بجائے الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دینا، ملک میں دہشتگردی کا شکار ہونے والے شہدائے پاکستان کے پاک لہو سے غداری ہے، ملک سلامتی کے منافی سرگرمیوں میں ملوث کسی بھی فرد کو الیکشن کی اجازت دینا آئین پاکستان سے صریحاََ انحراف ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنی رہی سہی ساکھ تباہ کی، جبکہ دوسری جانب دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بنائے جانے والا نیشنل ایکشن پلان جھنگ الیکشن کے بعد اپنی افادیت مکمل طور پر کھو چکا ہے۔