کراچی میں داعش کیلئے نوجوانوں کو بھرتی کرنے والا دہشت گرد گرفتار
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے داعش سے منسلک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے کراچی میں کارروائی کی جس کے دوران داعش کے لئے کام کرنے والا مبینہ دہشت گرد عمران عرف سیف الاسلام پکڑا گیا جب کہ اس کے قبضے سے داعش کا جھنڈا، لیپ ٹاپ، انٹرنیٹ ڈیوائسز اور موبائل فونز سمیت دیگر اشیا برآمد کی گئیں۔ کراچی سے گرفتار دہشتگرد عمران عرف سیف الاسلام کا ہدف نوجوان طبقہ تھا اور وہ سوشل میڈیا پر داعش کے لئے نوجوانوں کی ذہن سازی کر رہا تھا۔ حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد کا ایک ساتھی خلیل الرحمان پہلے ہی گرفتار ہے جب کہ دہشت گردوں نے سوشل میڈیا پر 50 سے زائد پیچز بنا رکھے تھے جن کے ذریعے وہ لوگوں کو داعش میں شمولیت سے متعلق ترغیب دیتے تھے۔ دوسری جانب ایف آئی اے نے مبینہ دہشت گرد کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا اور ایف آئی اے حکام نے عدالت کو بتایا کہ ملزم مدرسے کے لئے چندہ اکٹھا کرتا تھا، اس کا ایک ساتھی پہلے سے گرفتار ہے۔ عدالت نے ایف آئی اے کی استدعا پر ملزم کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔