ملتان، نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں آئی ایس او کے زیراہتمام امام حسینؑ کانفرنس کا انعقاد
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملتان (نشتر میڈیکل یونیورسٹی یونٹ) کے زیراہتمام یونیورسٹی کے اسمبلی ہال میں سالانہ 47ویں امام حسین علیہ السلام کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، کانفرنس میں ممتاز مذہبی اسکالر ڈاکٹر سید علی مرتضیٰ زیدی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور کانفرنس سے خصوصی خطاب کیا۔ کانفرنس میں نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے طلباء طالبات نے امام عالی مقام سیدالشہداء امام حسین علیہ السلام کی شان میں تقاریر، منقبت، سلام اور نوحے پیش کیے، کانفرنس کی صدارت نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا نے کی۔
علاوہ ازیں کانفرنس میں سابق مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان یافث نوید ہاشمی ایڈووکیٹ، مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، سابق ڈویژنل صدور ڈاکٹر موسیٰ کاظم، ڈاکٹر عرفان رضا، موجودہ ڈویژنل صدر عاطف حسین سمیت دیگر سینیئرز نے بھی شرکت کی۔ رہنمائوں نے اپنے خطاب میں کربلا اور ہماری ذمہ داریوں کے حوالے سے گفتگو کی، اُنہوں نے کہا کہ کربلا کوئی ماضی کا حصہ نہیں بلکہ ہر دور میں ہر کردار زندہ ہے، ہمیں اپنا محاسبہ کرنا ہے کہ آج ہم کس کے ساتھ ہیں۔