پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

سکردو میں اسد عاشورا عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سکردومیں اسد عاشورہ حسب سابق امسال بھی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

مختلف امام بارگاہوں، عزاخانوں سے علم، تابوت، ذوالجناح اور تعزیے کے چھوٹے بڑے ماتمی جلوس نکالے گئے۔ مرکزی جلوس امام بارگاہ صادق آباد سے برآمد ہوا، راستے میں دوسرے دستے بھی اس میں شامل ہوئے، تمام ماتمی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے خانقاہ معلیٰ گمبہ سکردو میں پہنچ کر زیارت شہدائے کربلا کے ساتھ اختتام پذیر ہوئے۔ جلوسوں کی گذرگاہوں پر پانی، شربت اور دودھ کی سبلیں لگائی گئیں تھیں، محکمہ صحت اور مختلف سیاسی، مذہبی تنظیموں اور ماتمی انجمنوں کی طرف سے میڈیکل کیمپ بھی لگائے گئے تھے۔

جلوسوں کی برآمدگی سے قبل مختلف امام بارگاہوں، عزاخانوں اور گھروں میں شہدائے کربلا کی یاد میں مجالس عزاء برپا کی گئیں، جن سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام و ذاکرین نے واقعہ کربلا و فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالی اور مسلم امہ کو اتحاد و یگانگت کی تلقین کی۔

شہدائے کربلا کی یاد میں نکالے گئے جلوسوں میں 60 ہزار کے قریب عزادارن امام مظلوم نے شرکت کی اور حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کو ان کے لال کا پرسہ دیا۔ جلوسوں کی حفاظت کیلئے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے، ڈپٹی کمشنر سکردو خرم پرویز، ایس ایس پی سکردو محمد اسحاق اور دیگر اعلی آفیسران نے جلوسوں کی سکیورٹی کا جائزہ لیا اور جلوسوں کے ساتھ ساتھ رہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button